لاہور۔20فروری (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے حکم پر ماہِ رمضان میں سحری سے افطار تک اور رات گئے سے علی الصبح تک خوراک کے معیار کو یقینی بنانے کیلئے کڑی چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے۔چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایت پر نبیل ریاض نے ٹیموں کے ہمراہ لاہور کے مختلف علاقوں میں آپریشن کیا۔کارروائی کے دوران41 معروف فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی گئی جبکہ5 فوڈ پوائنٹس کو مجموعی …
لاہور میں فوڈ اتھارٹی ٹیموں کا مختلف علاقوں میں آپریشن،فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ،جرمانے عائد
لاہور۔20فروری (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے حکم پر ماہِ رمضان میں سحری سے افطار تک اور رات گئے سے علی الصبح تک خوراک کے معیار کو یقینی بنانے کیلئے کڑی چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے۔چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایت پر نبیل ریاض نے ٹیموں کے ہمراہ لاہور کے مختلف علاقوں میں آپریشن کیا۔کارروائی کے دوران41 معروف فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی گئی جبکہ5 فوڈ پوائنٹس کو مجموعی طور پر1 لاکھ 52 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ناقص انتظامات پر معروف بریانی ریسٹورنٹ اور چائنیز فوڈ چین کو بھی جرمانہ کیا گیا۔یہ کارروائیاں ڈی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی ہدایت پر عمل میں لائی گئیں۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق چیکنگ کے دوران26 فوڈ پوائنٹس کو مزید بہتری کیلئے اصلاحی نوٹس جاری کیے گئے جبکہ معروف ریسٹورنٹس سے برآمد ہونے والی کثیر مقدار میں سویٹس اور ممنوعہ ایکسپائر اشیا کو تلف کر دیا گیا۔صفائی کے ناقص انتظامات پر ایک معروف کیفے کے خلاف بھی ایکشن لیا گیا۔معائنہ کے دوران ناقص سٹوریج، گندے فریزر، زنگ آلود برتن اور کیڑے مکوڑوں کی موجودگی پائی گئی۔فنگس لگے فریزر سے ایکسپائرڈ گوشت اور گلی سڑی سبزیاں بھی برآمد ہوئیں۔
ملازمین کے میڈیکل اور ٹریننگ سرٹیفکیٹس سمیت لازمی ریکارڈ بھی عدم موجود پایا گیا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے کہا کہ رمضان المبارک میں پنجاب بھر میں ٹیمیں تین شفٹوں میں فیلڈ میں موجود رہ کر انسپیکشنز کر رہی ہیں تاکہ وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق شہریوں کو معیاری اور محفوظ اشیائے خورونوش کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ جعلساز مافیا کے خاتمے کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی کا ساتھ دیں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں 1223 پر اطلاع دیں۔









