پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ٹونٹی عالمی کپ سپر 8رائونڈ کا میچ سنسنی خیز اور دلچسپ ہونے کی توقع

کولمبو ۔20فروری (اے پی پی):پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2026 کے سپر آٹھ مرحلے کے میچ میں انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جارہی ہے،21فروری بروز ہفتہ کو شام سات بجے کولمبو کے آر پرے ماداسا سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں مضبوط اور تجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔ پاکستان سری لنکا کی کنڈیشنز سے بہتر واقفیت رکھتا ہے، لیکن …

کولمبو ۔20فروری (اے پی پی):پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2026 کے سپر آٹھ مرحلے کے میچ میں انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جارہی ہے،21فروری بروز ہفتہ کو شام سات بجے کولمبو کے آر پرے ماداسا سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں مضبوط اور تجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

پاکستان سری لنکا کی کنڈیشنز سے بہتر واقفیت رکھتا ہے، لیکن نیوزی لینڈ نے ماضی میں بڑے مقابلوں میں دباؤ میں بہترین کھیل دکھایا ہے، اس لیے دونوں ٹیمیں خطرناک ہیں۔پاکستان کی حکمت عملی کا سپن گیند بازوں پر انحصار ہے۔ کولمبو کے میدان کی سطح سست گیند بازوں کے لیے سازگار ہے، جس سے درمیانی اوورز میں پاکستان کو فائدہ ہو سکتا ہے۔ ابرار احمد اور شاداب خان کی بائولنگ نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں کے سکور کو محدود کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

بیٹنگ میں پاور پلے کے دوران جارحانہ آغاز پر زور دیا جائے گا، جہاں صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب ابتدائی اوورز میں اچھی شروعات کرنے کی کوشش کریں گے جبکہ سلمان آغا اور بابر اعظم درمیان کی اننگز کو مستحکم رکھیں گے۔ ابتدائی دباؤ پاکستان کے حق میں رہا تو فتح آسان ہو سکتی ہے۔پاکستان کی کلیدی کھلاڑیوں میں صاحبزادہ فرحان شامل ہیں، جنہوں نے ٹورنامنٹ میں شاندار سنچری بنا کر اپنی قابلیت ثابت کی۔ عثمان طارق بھی اہم کھلاڑی ہیں، جن کی ذہانت اور چالاکی نیوزی لینڈ کے بلے بازوں کی رفتار توڑ سکتی ہے۔

نیوزی لینڈ کی حکمت عملی طاقتور بیٹنگ لائن پر مبنی ہے۔ فن ایلن کے جارحانہ آغاز اور گلین فلپس کے موثر شاٹس میچ کا رخ بدل سکتے ہیں۔ سپن دوستانہ حالات میں نیوزی لینڈ کو مطابقت پیدا کرنے کی ضرورت ہوگی۔ بائولنگ میں لاکی فرگوسن کی رفتار اور مچل سینٹر کی سپن نیوزی لینڈ کے لیے اہم ہتھیار ہوں گے، جو ابتدائی دباؤ ڈال کر پاکستان کو خطرناک شاٹس کھیلنے پر مجبور کریں گے۔

نیوزی لینڈ نے اس سے قبل گروپ مرحلے میں کیوبا، افغانستان اور متحدہ عرب امارات کے خلاف کامیابیاں حاصل کی ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کے خلاف انہیں شکست کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ نیوزی لینڈ ٹی ٹونٹی عالمی کپ کا ٹائٹل جیتنے میں ابھی تک کامیاب نہیں ہوا، ان کی بہترین کارکردگی 2021 میں رہی جب وہ فائنل میں آسٹریلیا سے ہارے۔ پاکستان تین بار فائنل میں پہنچا لیکن صرف ایک بار ٹرافی جیتی ۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اب تک 49 ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گئے ہیں جن میں پاکستان نے 24 جبکہ نیوزی لینڈ نے 23 میچز جیتے 2 کا نتیجہ نہیں نکل سکا۔ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں دونوں ٹیمیوں کے مابین 7میچز ہوئے جس میں پاکستان نے 5جیتے اور دو میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔

متوقع پاکستان ٹیم میں صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، سلمان علی آغا (کپتان)، بابر اعظم، عثمان خان (وکٹ کیپر)، خواجہ نافع ، شاداب خان، محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی، ابرار احمد اور عثمان طارق شامل ہیں۔متوقع نیوزی لینڈ ٹیم میں فن ایلن، ٹم سیفرٹ (وکٹ کیپر)، راچن رویندرہ، گلین فلپس، مارک چیپ مین، ڈیرل مچل، مچل سینٹر (کپتان)، جیمز نیشم، میٹ ہنری، لاکی فرگوسن اور جیکب ڈفی شامل ہیں۔دونوں ٹیمیں جیت کے لیے بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گی اور دباؤ میں کھیل ان کے نتیجے کا فیصلہ کرے گا۔ متوقع ہے کہ میچ سخت مقابلے، تیز رفتار کھیل اور سنسنی سے بھرپور ہوگا۔

مزید خبریں