انگلینڈ کی محدود اوورز ٹیم کے کپتان ہیری بروک کا دی ہنڈرڈ لیگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی ممکنہ عدم شمولیت پر کھل کر اظہار خیال

کولمبو۔21فروری (اے پی پی):انگلینڈ کی محدود اوورز ٹیم کے کپتان ہیری بروک نے دی ہنڈرڈ لیگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی ممکنہ عدم شمولیت پر کھل کر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پاکستان کے کرکٹرز کو نظر انداز کیا گیا تو یہ ٹورنامنٹ کے لیے افسوسناک ہوگا۔رپورٹس کے مطابق بھارتی ملکیت والی چند فرنچائزز — مانچسٹر سپر جائنٹس، ایم آئی لندن، سدرن بریو اور سن رائزرز لیڈز — …

کولمبو۔21فروری (اے پی پی):انگلینڈ کی محدود اوورز ٹیم کے کپتان ہیری بروک نے دی ہنڈرڈ لیگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی ممکنہ عدم شمولیت پر کھل کر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پاکستان کے کرکٹرز کو نظر انداز کیا گیا تو یہ ٹورنامنٹ کے لیے افسوسناک ہوگا۔رپورٹس کے مطابق بھارتی ملکیت والی چند فرنچائزز — مانچسٹر سپر جائنٹس، ایم آئی لندن، سدرن بریو اور سن رائزرز لیڈز — سیاسی تناؤ کے باعث نیلامی میں پاکستانی کھلاڑیوں کو منتخب کرنے سے گریز کر سکتی ہیں۔ اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ہیری بروک نے کہا کہ پاکستان ایک عظیم کرکٹ قوم ہے اور وہاں بے شمار باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں، ایسے میں انہیں شامل نہ کرنا بدقسمتی ہوگی۔

انہوں نے واضح کیا کہ اس وقت ان کی توجہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ پر مرکوز ہے اور فرنچائز معاملات براہِ راست ان کے اختیار میں نہیں، تاہم انہوں نے زور دیا کہ تقریباً 50 سے 60 پاکستانی کھلاڑی نیلامی میں دستیاب ہوں گے اور ان میں سے کئی کھلاڑی لیگ کے معیار کو مزید بلند کر سکتے ہیں۔یاد رہے کہ 67 پاکستانی مرد و خواتین کرکٹرز نے دی ہنڈرڈ کی آئندہ نیلامی کے لیے رجسٹریشن کروا رکھی ہے، جن میں قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کے متعدد نمایاں نام بھی شامل ہیں۔ ماضی میں محمد عامر، شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان اور حارث رؤف جیسے کھلاڑی اس لیگ میں شرکت کر چکے ہیں۔

واضح رہے کہ 2008 کے ممبئی حملوں کے بعد سے آئی پی ایل میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت نہیں ہو سکی، جبکہ جنوبی افریقہ کی SA20 اور متحدہ عرب امارات کی ILT20 میں بھی پاکستانی کرکٹرز کی نمائندگی محدود رہی ہے۔ہیری بروک کا کہنا تھا کہ پاکستانی کھلاڑی نہ صرف شاندار کرکٹ کھیلتے ہیں بلکہ شائقین کو بھی بڑی تعداد میں میدان میں لاتے ہیں، اس لیے ان کی موجودگی سے ٹورنامنٹ مزید دلچسپ اور مسابقتی بن سکتا ہے۔ دی ہنڈرڈ کا اگلا سیزن 21 جولائی سے 16 اگست تک شیڈول ہے جبکہ پلیئرز کی نیلامی مارچ میں متوقع ہے۔