وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی یونان کے وزیر مائیگریشن و اسائلم اتھاناسیس پلیورس سے ملاقات، پاکستان اور یونان کے درمیان 2 سال سے زیر التواء مائیگریشن معاہدہ طے، جوائنٹ ورکنگ گروپ تشکیل دینے کا فیصلہ

روم ۔25فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی روم میں یونان کے وزیر مائیگریشن و اسائلم اتھاناسیس پلیورس سے ملاقات ہوئی جس میں انسانی سمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات کی سب سے اہم پیش رفت پاکستان اور یونان کے درمیان دو برس سے التواء کا شکار مائیگریشن تعاون معاہدے پر اتفاق تھا۔ دونوں ممالک نے باہمی اشتراک کے لیے ایک ’’جوائنٹ ورکنگ گروپ‘‘ …

روم ۔25فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی روم میں یونان کے وزیر مائیگریشن و اسائلم اتھاناسیس پلیورس سے ملاقات ہوئی جس میں انسانی سمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات کی سب سے اہم پیش رفت پاکستان اور یونان کے درمیان دو برس سے التواء کا شکار مائیگریشن تعاون معاہدے پر اتفاق تھا۔

دونوں ممالک نے باہمی اشتراک کے لیے ایک ’’جوائنٹ ورکنگ گروپ‘‘ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے جو قانونی ہجرت اور ورک ویزوں کی تعداد میں اضافے پر کام کرے گا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے قانونی راستوں کو آسان بنانا وقت کا تقاضا ہے۔

انہوں نے پولیس اور پیرا ملٹری فورسز کی استعداد کار بڑھانے کے لیے یونان کے ٹیکنالوجی تعاون کا خیر مقدم کیا۔ یونانی وزیر نے پاکستان کے انسداد انسانی سمگلنگ اقدامات کی تعریف کی اور ’’پولیس خدمت مراکز گلوبل‘‘ کے ماڈل کو بھی سراہا۔ وفد میں ڈی جی ایف آئی اے، ایم ڈی سیف سٹی احسن یونس اور دیگر سینئر پولیس افسران بھی شامل تھے۔