یو ایس-پاکستان نالج کوریڈور منصوبے کے تحت امریکہ کی ٹاپ 100 جامعات میں پی ایچ ڈی وظائف کا اعلان

اسلام آباد۔25فروری (اے پی پی):ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان (ایچ ای سی) نے یو ایس-پاکستان نالج کوریڈور منصوبے کے تحت امریکہ کی عالمی درجہ بندی کی حامل جامعات میں پی ایچ ڈی وظائف کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ وظائف مکمل فنڈڈ ہوں گے اور امیدواروں کو کیو ایس ورلڈ رینکنگ کی ٹاپ 100 امریکی جامعات میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ ایچ ای سی کے مطابق سکالرشپس …

اسلام آباد۔25فروری (اے پی پی):ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان (ایچ ای سی) نے یو ایس-پاکستان نالج کوریڈور منصوبے کے تحت امریکہ کی عالمی درجہ بندی کی حامل جامعات میں پی ایچ ڈی وظائف کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ وظائف مکمل فنڈڈ ہوں گے اور امیدواروں کو کیو ایس ورلڈ رینکنگ کی ٹاپ 100 امریکی جامعات میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ ایچ ای سی کے مطابق سکالرشپس دو زمروں میں دستیاب ہوں گی۔ کیو ایس رینکنگ کی ٹاپ 50 جامعات میں داخلہ حاصل کرنے والے طلبہ کو مکمل ٹیوشن فیس، ماہانہ وظیفہ اور ہیلتھ انشورنس فراہم کی جائے گی جبکہ 51 سے 100 درجہ بندی والی جامعات کے لیے منتخب امیدواروں کو سالانہ 12 ہزار امریکی ڈالر تک ٹیوشن فیس کے علاوہ وظیفہ اور ہیلتھ انشورنس دی جائے گی۔

اعلامیہ کے مطابق یہ اقدام پاکستان میں اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے معیار کو عالمی سطح پر ہم آہنگ کرنے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ یو ایس-پاکستان نالج کوریڈور منصوبے کا مقصد پاکستانی سکالرز کو دنیا کی ممتاز جامعات میں جدید تحقیق کے مواقع فراہم کرنا اور ملک میں علمی و تحقیقی صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔ درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 اپریل 2026ء مقرر کی گئی ہے۔ دلچسپی رکھنے والے امیدوار آن لائن پورٹل scholarship.hec.gov.pk کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں۔ ایچ ای سی نے اہل طلبہ و طالبات کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ سے قبل اپنی درخواستیں مکمل کر کے جمع کرائیں تاکہ اس بین الاقوامی تعلیمی موقع سے بھرپور استفادہ کیا جا سکے۔