سکیورٹی فورسز کی جانب سے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 34 دہشت گردوں کا ہلاک ہونا قومی سلامتی کے لئے بڑی کامیابی ہے، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

اسلام آباد۔25فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی جانب سے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 34 دہشت گردوں کا ہلاک ہونا قومی سلامتی کے لئے ایک بڑی کامیابی ہے۔ بدھ کو سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں چار مختلف مقابلوں میں فتنہ …

اسلام آباد۔25فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی جانب سے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 34 دہشت گردوں کا ہلاک ہونا قومی سلامتی کے لئے ایک بڑی کامیابی ہے۔

بدھ کو سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں چار مختلف مقابلوں میں فتنہ الخوارج کے 26 دہشت گردوں کا انجام تک پہنچایا جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ ہماری فورسز ہر محاذ پر چوکنا اور پُرعزم ہیں، اسی طرح بلوچستان کے علاقے سمبازہ، ژوب میں 8 دہشت گردوں کا خاتمہ دہشت گردی کے نیٹ ورکس کے لئے واضح پیغام ہے کہ پاکستان کی سرزمین پر فساد پھیلانے والوں کے لئے کوئی جگہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے پیشہ وارانہ مہارت، جرأت اور بروقت کارروائی سے ایک بار پھر دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیئے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو اپنے محافظوں پر فخر ہے،پاکستان کے امن و استحکام کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا، انشاء اللہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔