مضبوط افواج کی بدولت پاکستان جنگی حالات میں بھی محفوظ اور پْرامن ہے۔ رانا احمد شہریار خاں

فیصل آباد۔ 28 فروری (اے پی پی):رانا احمد شہریار خاں ایم پی اے و صدر یوتھ ونگ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے کہا ہے کہ افغانستان اور پاکستان کے درمیان اس وقت عملاً جنگی کیفیت پائی جا رہی ہے، تاہم اس کے باوجود پورا پاکستان اپنے معمولات زندگی میں مصروف ہے جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ملک دفاعی لحاظ سے مستحکم اور افواج پاکستان منظم، باصلاحیت اور …

فیصل آباد۔ 28 فروری (اے پی پی):رانا احمد شہریار خاں ایم پی اے و صدر یوتھ ونگ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے کہا ہے کہ افغانستان اور پاکستان کے درمیان اس وقت عملاً جنگی کیفیت پائی جا رہی ہے، تاہم اس کے باوجود پورا پاکستان اپنے معمولات زندگی میں مصروف ہے جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ملک دفاعی لحاظ سے مستحکم اور افواج پاکستان منظم، باصلاحیت اور ہر خطرے سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اس سے قبل جب بھارت کے ساتھ بڑی جنگی صورتحال پیدا ہوئی تھی تو اس وقت بھی ملک کے اندر عام شہریوں کو روزمرہ زندگی میں کسی بڑے اضطراب کا سامنا نہیں کرنا پڑا بلکہ عوام کو صرف خبروں کے ذریعے ہی جنگی حالات کا علم ہوتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے دیگر ممالک میں جب جنگ مسلط ہوتی ہے تو شہری آبادیوں کو بے گھر ہونا پڑتا ہے، لوگ خوراک اور بنیادی ضروریات کے لیے پریشان ہو جاتے ہیں، شہر کھنڈرات کا منظر پیش کرنے لگتے ہیں اور نظام زندگی درہم برہم ہو جاتا ہے، لیکن پاکستان میں ایسا نہ ہونا اس امر کا مظہر ہے کہ ہماری مسلح افواج ہمہ وقت بیدار، مستعد اور ملک کے چپے چپے کے دفاع کے لیے تیار رہتی ہیں۔

رانا احمد شہریار خاں نے کہا کہ قوم کو سنجیدگی سے سوچنا چاہیے کہ اگر پاکستان کے پاس ایک مضبوط اور منظم فوج نہ ہوتی اور ملک دفاعی لحاظ سے مستحکم نہ ہوتا تو آج کے حالات میں ملک کو کن سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہیے جس نے پاکستان کو ایک مضبوط دفاعی ڈھانچہ عطا کیا اور ایسی قیادت نصیب کی جو قومی سلامتی کے معاملات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرتی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ اپنی حفظ و امان میں رکھے اور قوم کو اتحاد و یکجہتی کی دولت سے مالا مال کرے۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے معاشرے میں چند عناصر ایسے بھی موجود ہیں جو اپنے ذاتی مفادات اور مخصوص ایجنڈوں کی تکمیل کے لیے قومی کامیابیوں کو بھی متنازع بنانے کی کوشش کرتے ہیں حالانکہ جنگی حالات میں قومی اتحاد اور یکسوئی سب سے بڑی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر کو اپنی روش پر نظرثانی کرنی چاہیے اور قومی مفاد کو ذاتی مفاد پر ترجیح دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنے قائد میاں محمد نواز شریف، وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں متحد ہے اور ملک کے دفاع، سالمیت اور خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے افواج پاکستان کے سپہ سالار فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور تمام مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے جو مشرقی اور مغربی سرحدوں پر دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا رہی ہیں۔رانا احمد شہریار خاں نے مزید کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے جو خطے میں امن و استحکام کی خواہاں ہے، تاہم اگر کسی نے جارحیت مسلط کرنے کی کوشش کی تو اسے بھرپور اور موثر جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے یقین دلایا کہ عوام، سیاسی قیادت اور ادارے سب ایک صفحے پر ہیں اور قومی سلامتی کے معاملے پر کوئی اختلاف نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہی اتحاد اور باہمی اعتماد پاکستان کی اصل طاقت ہے اور اسی کی بدولت ملک ہر چیلنج سے سرخرو ہو کر نکلے گا۔