وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ٹیلیفون پر گفتگو، ایران پر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں خطے میں پیدا ہونے والی سنگین کشیدگی کی شدید مذمت

لاہور۔28فروری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایران پر اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں خطے میں پیدا ہونے والی سنگین کشیدگی اور اسکے بعد قطر سمیت خلیجی ممالک میں افسوسناک حملوں کو علاقائی امن و استحکام کیلئے نہایت تشویشناک قرار دیتے ہوئے مسائل کا حل بات چیت و سفارت کاری کے ذریعے ہی تلاش کرنے پر زور دیا ہے ۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے …

لاہور۔28فروری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایران پر اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں خطے میں پیدا ہونے والی سنگین کشیدگی اور اسکے بعد قطر سمیت خلیجی ممالک میں افسوسناک حملوں کو علاقائی امن و استحکام کیلئے نہایت تشویشناک قرار دیتے ہوئے مسائل کا حل بات چیت و سفارت کاری کے ذریعے ہی تلاش کرنے پر زور دیا ہے ۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔ انہوں نے ایران پر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں خطے میں پیدا ہونے والی سنگین کشیدگی کی شدید مذمت کی، جس کے بعد قطر سمیت دیگر خلیجی ممالک میں بھی افسوسناک حملے رونما ہوئے۔ وزیراعظم نے اس صورتحال کو علاقائی امن و استحکام کے لیے نہایت تشویشناک قرار دیا۔

وزیراعظم نے دوحہ میں حالیہ ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے موجودہ بحران کے دوران برادر ریاست قطر کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا اور امیرِ قطر کو یقین دلایا کہ پاکستان ہمیشہ اپنے برادر ملک قطر اور اس کے عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔

وزیراعظم نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور کشیدگی میں کمی کے لیے مثبت اور تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ مسائل کا حل بات چیت، سفارت کاری اور باہمی احترام کے ذریعے ہی تلاش کیا جانا چاہیے تاکہ مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن کو یقینی بنایا جا سکے۔