وفاقی سیکرٹری برائے داخلہ کیپٹن (ر) محمد خرم آغا کی زیر صدارت امن و امان اور سکیورٹی کے بہترین انتظامات کو یقینی بنانے کے حوالے سے اجلاس

اسلام آباد۔1مارچ (اے پی پی):وفاقی سیکرٹری برائے داخلہ کیپٹن (ر) محمد خرم آغا کی زیر صدارت وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں امن و امان اور سکیورٹی کے بہترین انتظامات کو یقینی بنانے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا، انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد سید علی ناصر رضوی، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان …

اسلام آباد۔1مارچ (اے پی پی):وفاقی سیکرٹری برائے داخلہ کیپٹن (ر) محمد خرم آغا کی زیر صدارت وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں امن و امان اور سکیورٹی کے بہترین انتظامات کو یقینی بنانے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا، انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد سید علی ناصر رضوی، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن سمیت پولیس و ضلعی انتظامیہ کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں راولپنڈی، ہری پور، مری، اٹک کے ڈپٹی کمشنرز و ضلعی پولیس افسران نے بذریعہ زوم اور دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں امن و امان سمیت پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کیخلاف اقدامات کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔اتوار کو سی ڈی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی سیکرٹری برائے داخلہ کیپٹن (ر) محمد خرم آغا نے کہا کہ حکومت پاکستان کا عزم ہے کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی افراد کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کو مؤثر بناتے ہوئے ملک کی سلامتی اور استحکام کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں مکمل طور پر سنگل ویزا رجیم کو نافذ العمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ون ویزہ رجیم پر عملدرآمد کیلئے غیر قانونی افغان باشندوں کیخلاف فارنرز ایکٹ 1946 کے تحت کارروائی کی جائیگی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی افراد کیخلاف کومبنگ آپریشن کو مزید تیز اور اسکا دائرہ کار بڑھایا جائیگا۔اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی افراد کیخلاف ابتک کئے گئے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی افراد کو رہائشں دینے پر مالک مکان کیخلاف قانون کے مطابق کارروائیوں کا عمل جاری ہے۔

انہوں کہا کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی افراد کو کاروبار کیلئے جگہیں فراہم کرنے پر ایف آئی آر کا اندراج کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام اضلاع سے واپس جانے والے غیر ملکی افراد کے اعداد و شمار کو وفاقی وزارت داخلہ کے مرکزی ڈیش بورڈ سے مربوط کیا جاچکا ہے۔وفاقی سیکرٹری برائے داخلہ کیپٹن (ر) محمد خرم آغا نے کہا کہ وزرات داخلہ کی جانب سے کوئی بھی ری لوکیشن پروگرام نافذ نہیں کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی افراد سے نجات حاصل کرنے کیلئے کمیونٹی کو بھی شامل کیا جائے۔انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نگہبان کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی افراد کیخلاف دیگر اضلاع کے افسران بھی اپنے اضلاع میں نگہبان کمیٹیاں تشکیل دیں۔وفاقی سیکرٹری برائے داخلہ کیپٹن (ر) محمد خرم آغا نے کہا کہ تمام اضلاع کے افسران اپنے اپنے اضلاع کے داخلی و خارجی راستوں کی سخت چیکنگ کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ چیکنگ کیلئے پولیس اہلکاروں اور انتظامیہ کی موجودگی میں اضافہ کیا جائے اور تمام اہم مقامات، عبادت گاہوں،مساجد اور اہم و حساس عمارات کی سکیورٹی میں اضافہ کیا جائے۔انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ سیف سٹی کیمروں اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مرکزی شاہراہوں، مراکز اور رہائشی علاقوں کی نگرانی کامیکنزم بنایا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مشکوک سرگرمیوں اور افراد پر کڑی نظر رکھنے اور انکی مکمل تفصیلات کا ڈیٹا مرتب کیا جا چکا ہے۔