راولپنڈی پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے تاش پر جواء کھیلنے اور منشیات فروشی میں ملوث 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا ، ملزمان کے قبضے سے نقدی، موبائل فون اور چار کلو سے زائد چرس بھی برآمد کر لی ۔
راولپنڈی پولیس کی کارروائیاں، منشیات فروشی اور قمار بازی میں ملوث 08 ملزمان گرفتار
راولپنڈی ۔13مارچ (اے پی پی):راولپنڈی پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے تاش پر جواء کھیلنے اور منشیات فروشی میں ملوث 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا ، ملزمان کے قبضے سے نقدی، موبائل فون اور چار کلو سے زائد چرس بھی برآمد کر لی ۔پولیس ترجمان کے مطابق رتہ امرال پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تاش کے پتوں پر جواء کھیلنے والے پانچ افراد کو گرفتار کر لیا۔پولیس نے ملزمان کے قبضے سے داؤ پر لگی 20 ہزار 200 روپے نقدی، موبائل فون اور تاش کے پتے برآمد کر لئے اور مقدمہ درج کر لیا۔
دریں اثناء راولپنڈی پولیس نے منشیات کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے تین منشیات سپلائرز کو گرفتار کر لیا۔ گنجمنڈی پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 2 کلو 560 گرام چرس برآمد کی جبکہ صادق آباد پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 1 کلو 560 گرام چرس برآمد کر لی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ معاشرے کو منشیات جیسے ناسور سے پاک کرنے کے لیے بھرپور اقدامات جاری ہیں اور اس مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔









