وزیر قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی کا شجاعت ہاشمی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

وزیر قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے معروف اداکار اور صداکار، تمغۂ حسنِ کارکردگی کے حامل شجاعت ہاشمی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اسلام آباد۔13مارچ (اے پی پی):وزیر قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے معروف اداکار اور صداکار، تمغۂ حسنِ کارکردگی کے حامل شجاعت ہاشمی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اورنگزیب خان کھچی نے کہا کہ شجاعت ہاشمی ریڈیو پاکستان اور پی ٹی وی کے سنہری دور کے ممتاز فنکاروں میں شمار ہوتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرامہ سیریل ’’وارث‘‘ میں شجاعت ہاشمی کی شاندار اداکاری ہمیشہ ناظرین کے دلوں میں زندہ رہے گی۔

وزیر قومی ورثہ و ثقافت کے مطابق شجاعت ہاشمی نے ریڈیو، ٹیلی وژن، تھیٹر اور فلم کے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دیں اور قومی ثقافتی ورثے کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔ اورنگزیب خان کھچی نے کہا کہ مرحوم کی فنی خدمات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا اور ان کا نام تاریخ میں زندہ رہے گا۔ وزیر قومی ورثہ و ثقافت نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔

مزید خبریں