چیف کمشنر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کا یوم القدس کے موقع پر مختلف سکیورٹی چیک پوائنٹس کا دورہ

چیف کمشنر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے آئی جی اسلام آباد اور ڈی سی اسلام آباد کے ہمراہ یوم القدس کے موقع پر اسلام آباد شہر کے مختلف سکیورٹی چیک پوائنٹس کا دورہ کیا۔

اسلام آباد۔13مارچ (اے پی پی):چیف کمشنر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے آئی جی اسلام آباد اور ڈی سی اسلام آباد کے ہمراہ یوم القدس کے موقع پر اسلام آباد شہر کے مختلف سکیورٹی چیک پوائنٹس کا دورہ کیا۔ ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق اس موقع پر چیف کمشنر اسلام آباد نے یوم القدس کے حوالے سے جلوسوں کی سکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا اور ڈیوٹی پر مامور پولیس افسران و جوانوں کو بھرپور مستعدی کے ساتھ اپنے فرائض منصبی سرانجام دینے کی ہدایات جاری کیں۔ آئی جی اسلام آباد نے بریفنگ میں بتایا کہ موثر سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے اسلام آباد پولیس کے 3500 سے زائد افسران و جوان ڈیوٹی پر مامور ہیں، فیصل مسجد سمیت تمام مساجد اور امام بارگاہوں کے اطراف سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں، شہر بھر میں موثر سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے داخلی وخارجی راستوں کی نگرانی کی جا رہی ہے ۔

سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ وفاقی دارلحکومت میں متعدد مقامات پر خصوصی ناکہ جات بھی قائم کئے گئے ہیں، شہر بھر میں اسلام آباد پولیس کے چاک و چوبند دستوں کی موثر پٹرولنگ بھی جاری ہے، اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔ چیف کمشنر اسلام آباد نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت کے مطابق شہر بھر کی سکیورٹی کو مستقل بنیادوں پر موثر بنانے کے لئے جامع اقدامات کر رہے ہیں، اس سلسلے میں تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ محمد علی رندھاوا نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سکیورٹی کے بہترین انتظامات اور شہریوں کی جان و املاک کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔

مزید خبریں