نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے ملک کے شمالی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برف باری کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے ممکنہ گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، لینڈ سلائیڈنگ اور اچانک سیلابی صورتحال کے خطرات سے خبردار کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کا شمالی علاقوں میں بارش اور برف باری کا الرٹ، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی صورتحال کا خدشہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔13مارچ (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے ملک کے شمالی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برف باری کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے ممکنہ گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، لینڈ سلائیڈنگ اور اچانک سیلابی صورتحال کے خطرات سے خبردار کر دیا ہے۔این ڈی ایم اے کے مطابق 14 سے 16 مارچ کے دوران گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش اور برف باری متوقع ہے۔ ادارے کے مطابق گلگت، استور، دیامر، سکردو، ہنزہ، غذر اور شگر میں بارش اور برف باری کا امکان ہے جبکہ مظفرآباد، باغ، پونچھ، حویلی، کوٹلی، بھمبر اور وادی نیلم میں بھی بارش اور برف باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔اسی طرح چترال، دیر، سوات، کالام اور بٹگرام سمیت متعدد علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں برف باری کے باعث سڑکوں پر پھسلن اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے جبکہ بعض مقامات پر برفانی تودے گرنے کے امکانات بھی موجود ہیں۔ ادارے کے مطابق بارش اور درجہ حرارت میں اضافے کے باعث گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کے خدشات میں اضافہ ہو سکتا ہے جس کے نتیجے میں چترال، سوات، کوہستان، گلگت، استور اور اسکردو کے علاقوں میں اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خطرہ ہے۔این ڈی ایم اے نے مزید بتایا کہ بارش اور برف باری کے باعث قراقرم ہائی وے سمیت دیگر پہاڑی شاہراہوں پر لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ہے خصوصاً دیامر، داریل، تانگیر، استور اور ہنزہ کے علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سڑکوں کی بندش اور سفری سرگرمیاں متاثر ہو سکتی ہیں۔
این ڈی ایم اے نے سیاحوں اور مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور پہاڑی و حساس علاقوں میں سفر کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ این ڈی ایم اے نے مقامی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات اور نگرانی کے مؤثر انتظامات یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے کہا ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور صوبائی و ضلعی اداروں کے ساتھ رابطہ اور کوآرڈینیشن جاری ہے۔ عوام کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موسمی صورتحال سے باخبر رہیں اور بروقت معلومات اور الرٹس کے لئے "پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ” موبائل ایپ سے رہنمائی حاصل کریں۔








