سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے بنگلہ دیش کے نو ہم منصب کا ٹیلیفونک رابطہ، پارلیمانی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے بنگلہ دیش کی پارلیمنٹ کے نو منتخب سپیکر حفیظ الدین احمد نے جمعہ کو ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا ۔

اسلام آباد۔13مارچ (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے بنگلہ دیش کی پارلیمنٹ کے نو منتخب سپیکر حفیظ الدین احمد نے جمعہ کو ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا ۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق بنگلہ دیش کے نو منتخب سپیکر میجر (ر) حفیظ الدین احمد نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی جانب سے بھیجے گئے تہنیتی پیغام پر ان کا شکریہ ادا کیا۔گفتگو کے دوران دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پارلیمانی تعاون اور رابطوں کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔

اس موقع پر سردار ایاز صادق نے بنگلہ دیش کی پارلیمنٹ کے ساتھ تعاون اور روابط کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ٹیلیفونک گفتگو میں باہمی دلچسپی کے امور اور پارلیمانی سفارت کاری کے فروغ سے متعلق معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔سپیکر قومی اسمبلی نے بنگلہ دیش کے نو منتخب سپیکر کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان اور عوام ان کے دورے کے منتظر ہیں۔انہوں نے بنگلہ دیش کے نو منتخب سپیکر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی کامیابی کے لیے دعا بھی کی۔

 

مزید خبریں
نائب وزیراعظم
پاکستان کو سخاوت، رضاکارانہ خدمات اور معاشرتی خدمت کی اپنی دیرینہ روایات پر فخر ہے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا انسانی ہمدردی کے عالمی دن کے موقع پر پیغام اسلام آباد۔19اگست (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ عالمی یومِ انسانی ہمدردی کے موقع پر پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر ان تمام انسانی خدمت گاروں اور رضاکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے جو ضرورت کے وقت لوگوں کی مدد کے لیے خود کو وقف کردیتے ہیں۔ بدھ کو دفتر خارجہ کے مطابق انسانی ہمدردی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں ہمدردی، خدمت اور آفات و دیگر ہنگامی حالات سے متاثرہ افراد کے ساتھ کھڑے ہونے کی اہمیت کی یاد دلاتا ہے۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ یہ اس عزم کی تجدید کا موقع بھی ہے کہ ہم اجتماعی طور پر کمزور اور متاثرہ طبقات کی مدد اور انسانیت کی خدمت کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سخاوت، رضاکارانہ خدمات اور معاشرتی خدمت کی اپنی دیرینہ روایت پر فخر ہے، یہ اقدار ہمارے معاشرے میں گہری جڑیں رکھتی ہیں اور مشکلات کے وقت ہمیشہ ہمارے لوگوں کو متحد کرنے کا باعث بنی ہیں۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں آنے والی آفات کے حوالے سے ہمارے تجربے نے بارہا پاکستانی عوام کی استقامت، یکجہتی اور جذبۂ تعاون کو ثابت کیا ہے، شہریوں نے وفاقی اور صوبائی اداروں کے ساتھ مل کر متاثرہ آبادیوں کی مدد، امداد اور بحالی کی کوششوں میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر میں انسانی خدمت کے لیے سرگرم تمام افراد کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں اور ہمدردی، یکجہتی اور انسانیت کی خدمت کے اصولوں سے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتا ہوں