چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی پائیدار معاشی ترقی میں نوجوانوں کا کردار انتہائی اہم ہے اور حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
پاکستان کی پائیدار معاشی ترقی میں نوجوانوں کا کردار انتہائی اہم ہے ، چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان کا اوورسیز پاکستانی بزنس اینڈ ٹریڈ کے فوکل پرسن شہریار میمن کے اعزاز میں افطار ڈنر سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد۔13مارچ (اے پی پی):چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی پائیدار معاشی ترقی میں نوجوانوں کا کردار انتہائی اہم ہے اور حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ جمعہ کو انہوں نے یہ بات وزیر اعظم یوتھ پروگرام برائے اوورسیز پاکستانی بزنس اینڈ ٹریڈ کے فوکل پرسن شہریار میمن کی اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ پر افطار کے موقع پر کہی۔ افطار میں پارلیمنٹیرینز، مختلف ممالک کے سفیروں، سفارتکاروں اور ممتاز سیاسی و کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔ قومی و صوبائی اسمبلی کے اراکین کے علاوہ کاروباری برادری، سرمایہ کاروں اور سماجی و سیاسی شخصیات کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔
اس موقع پر پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ، اوورسیز پاکستانیوں کیلئے کاروباری مواقع بڑھانے اور نوجوانوں کو معاشی طور پر بااختیار بنانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ خصوصی گفتگو میں رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کیلئے روزگار، کاروبار اور مہارتوں کے فروغ کے متعدد منصوبے متعارف کرائے جا رہے ہیں تاکہ وہ ملکی معیشت میں موثر کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو کاروبار کی طرف راغب کرنے کیلئے سٹارٹ اپس، ای کامرس اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مواقع فراہم کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز) کو فروغ دینا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے کیونکہ یہی شعبہ معیشت میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ پاکستان کو عالمی سپلائی چین کے ساتھ موثر انداز میں منسلک کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس مقصد کیلئے مقامی کاروباری اداروں اور چیمبرز آف کامرس کو بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی دلانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملکی معیشت کا قیمتی اثاثہ ہیں اور حکومت ان کیلئے کاروباری مواقع بڑھانے اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خواتین کو معاشی سرگرمیوں میں فعال کردار دینے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کاروباری افراد کو سہولیات اور مواقع فراہم کرنا پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے نہایت ضروری ہے۔ رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ حکومت برآمدات پر مبنی معاشی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور نوجوانوں کو جدید کاروباری مہارتوں سے آراستہ کرکے انہیں عالمی منڈی میں مسابقت کے قابل بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نوجوانوں کی توانائی اور صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط اور خوشحال بنایا جا سکتا ہے۔
اس موقع پر پاکستان میں ترکمانستان کے سفیر اور ڈین آف دی ڈپلومیٹک کور اتاجان موولاموف، ملائیشیا کے سفیر اظہر بن مظلان، تاجکستان کے سفیر یوسف شریف زادہ تہیر، ویتنام، زمبابوے، شام، نیپال، روانڈا اور کینیا کے سفیروں سمیت متعدد یورپی اور مغربی سفارتکاروں نے بھی خطاب کیا۔ سفارتکاروں نے پاکستان کو ایک ابھرتی ہوئی منڈی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اپنی سٹریٹجک جغرافیائی حیثیت کے باعث پاکستان میں بے پناہ معاشی صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ زراعت، ٹیکسٹائل اور آئی ٹی جیسے شعبوں میں پاکستان عالمی تجارت میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے جبکہ وسطی ایشیا کیلئے گیٹ وے کے طور پر بھی پاکستان کی بڑی اہمیت ہے۔
راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شوکت نے بھی تقریب میں شرکت کی اور کہا کہ پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے عالمی سپلائی چین کے ساتھ روابط بڑھانا ناگزیر ہے جبکہ علاقائی تجارت کے فروغ سے پائیدار معاشی ترقی حاصل کی جا سکتی ہے۔ تقریب میں وفاقی وزیر رانا قاسم نور، مبارک زیب، سینیٹر وقار احمد خان، ملک حبیب، سینیٹر عبدالقیم سومرو، رکن قومی اسمبلی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما انجم عقیل سمیت اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔








