لاہور۔14مارچ (اے پی پی):نشاط گروپ کے چیئرمین میاں محمد منشاء نے ہفتہ کے روز پاکستان ریلوے ہیڈکوارٹرز لاہور کا دورہ کیا اور وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے میاں محمد منشاء کو پاکستان ریلوے کے جاری و آئندہ منصوبوں اور خصوصا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کیے جانے والے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ وزیر ریلوے نے اس عزم کا اظہار …
چیئرمین نشاط گروپ کا پاکستان ریلوے ہیڈکوارٹرز لاہور کا دورہ، وفاقی وزیرِ ریلوے سے ملاقات کی

مزید خبریں
لاہور۔14مارچ (اے پی پی):نشاط گروپ کے چیئرمین میاں محمد منشاء نے ہفتہ کے روز پاکستان ریلوے ہیڈکوارٹرز لاہور کا دورہ کیا اور وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے میاں محمد منشاء کو پاکستان ریلوے کے جاری و آئندہ منصوبوں اور خصوصا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کیے جانے والے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ وزیر ریلوے نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت بین الاقوامی سطح پر رائج پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے بہترین طریقوں کو اپناتے ہوئے پاکستان ریلوے کو جدید خطوط پر استوار کر رہی ہے تاکہ ادارے کی کارکردگی بہتر بنائی جا سکےاور نجی شعبے کے لیے قابلِ عمل سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔محمد حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان ریلوے وزیراعظم کی جانب سے مقرر کردہ اہداف کے حصول کے لیے سرگرم عمل ہے ، انفراسٹرکچر کی ترقی، فریٹ سروسز اور مختلف تجارتی منصوبوں میں نجی شعبے کی شمولیت کے لیے نئے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد پاکستان ریلوے کی مالی خودمختاری کو یقینی بنانا اور قومی معیشت کی ترقی میں موثر کردار ادا کرنا ہے۔ ملاقات کے بعد وفاقی وزیر نے میاں محمد منشاء کو پاکستان ریلوے ہیڈکوارٹرز کے مختلف شعبوں کا دورہ کرایا۔
اس موقع پر انہیں نئے قائم کردہ کانفرنس اور مانیٹرنگ روم کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا، جو آپریشنز کی نگرانی اور اہم امور میں رابطہ کاری کے لیے مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔نِشاط گروپ کے چیئرمین کو بزنس فیسلی ٹیشن سینٹر کا بھی دورہ کرایا گیا جو حال ہی میں پاکستان ریلوے ہیڈکوارٹرز میں قائم کیا گیا ہے۔ اس مرکز کا مقصد کاروباری برادری، سرمایہ کاروں اور فریٹ صارفین کو ایک ہی جگہ پر معلومات، رہنمائی اور سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ پاکستان ریلوے کے ساتھ تجارتی اور سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دیا جا سکے۔اس موقع پر میاں محمد منشاء نے وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں پاکستان ریلوے ترقی اور بہتری کی جانب گامزن ہے۔انہوں نے سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کو پاکستان ریلوے میں انوسٹمنٹ کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ یہ سرمایہ کاری کے لیے موزوں وقت ہے کیونکہ پاکستان ریلوے تیزی سے ترقی کی طرف بڑھ رہا ہے اور نجی شعبے کے لیے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔چیئرمین نشاط گروپ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کا گروپ پاکستان ریلوے کے ساتھ مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جس سے نہ صرف پاکستان ریلوے کی آمدنی میں اضافہ ہوگا بلکہ پاکستان کی معیشت کو بھی تقویت ملے گی۔








