سابق کرکٹراور اداکار محسن حسن خان کی سالگرہ منائی گئی

اسلام آباد۔15مارچ (اے پی پی):معروف سابق کرکٹر،کوچ اور اداکار محسن حسن خان کی سالگرہ اتوار 15 مارچ کو منائی گئی۔ محسن حسن خاں15 مارچ 1955 کو کراچی میں پیدا ہوئے ۔ انہوں نے ٹینس، تیراکی اور کرکٹ میں مہارت حاصل کی اور پاکستان کے جونیئر بیڈمنٹن چیمپئن بھی بن گئے لیکن کرکٹ سے لگائو کے سبب وہ کرکٹ کے ہو کر رہ گئے ۔ محسن حسن خان نے بالی ووڈ …

اسلام آباد۔15مارچ (اے پی پی):معروف سابق کرکٹر،کوچ اور اداکار محسن حسن خان کی سالگرہ اتوار 15 مارچ کو منائی گئی۔ محسن حسن خاں15 مارچ 1955 کو کراچی میں پیدا ہوئے ۔ انہوں نے ٹینس، تیراکی اور کرکٹ میں مہارت حاصل کی اور پاکستان کے جونیئر بیڈمنٹن چیمپئن بھی بن گئے لیکن کرکٹ سے لگائو کے سبب وہ کرکٹ کے ہو کر رہ گئے ۔ محسن حسن خان نے بالی ووڈ فلم سٹار رینا رائے سے شادی کی اور بھارتی فلم انڈسٹری میں ایک اداکار کے طور پر بھی اپنی پہچان بنائی۔ محسن حسن خان نے 1990 کی دہائی میں پاکستان میں کئی فلموں میں اداکاری کی۔

محسن حسن خان نے 1977سے 1986کے درمیان 48 ٹیسٹ میچز اور 75 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں بطور اوپننگ بلے باز پاکستان کی نمائندگی کی۔ محسن حسن خان نے قومی کر کٹ ٹیم کے علاوہ حبیب بینک لمیٹڈ، کراچی، پاکستان ریلوے، پاکستان یونیورسٹیز اور سندھ کی طرف سے بھی کرکٹ مقابلوں میں شرکت کی جبکہ ان کےبھائی اقبال حسن خان نے بھی کراچی یونیورسٹی کی طرف سے 2 فرسٹ کلاس میچوں میں شرکت کی۔ان کے فلمی کیریئر میں فلم بٹوارہ ، ساتھی (بلاک بسٹر)، پرتیکر، گنہگار کون، فتح، لاٹ صاحب، تیاگی، ہاتھی میرے ساتھی، جنت، بیٹا، میڈم ایکس،گھونگھٹ اور مہانتا جیسی فلمیں شامل ہیں۔ محسن حسن خان نے 48 ٹیسٹ میچوں کی 79 اننگز میں 6 مرتبہ ناٹ آئوٹ رہ کر 2709 رنز بنائے۔

لارڈز کے میدان پر ان کی ڈبل سنچری 200 ان کی کسی ایک اننگ کا سب سے بڑا انفرادی سکور تھا ۔ 7 سنچریاں ، 9 نصف سنچریاں اور 34 کیچز بھی ان کے ریکارڈ کی زینت ہیں۔ محسن حسن خان نے 75 ایک روزہ مقابلوں کی اتنی ہی اننگز میں 5 مرتبہ ناٹ آئوٹ رہتے ہوئے 1877 رنز 26.81 کی اوسط سے بنائے۔ 117 ناٹ آئوٹ ان کا بہترین سکور ہے۔ 2 سنچریاں، 8 نصف سنچریاں اور 8 کیچز بھی ان کی اعلیٰ کارکردگی کا ثبوت ہیں۔

فرسٹ کلاس میچوں میں انھوں نے 11274 رنز 38.87 کی اوسط سے 246 کے سب سے بڑے انفرادی سکور کی مدد سے بنائے۔ 321 اننگز میں وہ 31 مرتبہ ناٹ آئوٹ رہے جبکہ 31 سنچریاں، 40 نصف سنچریاں اور 141 کیچ بھی ان کے ریکارڈ کا حصہ ہیں۔ محسن حسن خان نے ایک روزہ مقابلوں میں ایک اور فرسٹ کلاس میچوں میں 14 وکٹیں بھی حاصل کی تھیں۔ محسن حسن خان کی سالگرہ کے موقع پر اہل خانہ اور مداحوں کی جانب سے ان کو بھر پور انداز میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔

مزید خبریں