مشرق وسطی کشیدگی ، حج پرواز شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں، عیدالفطر کے بعد پروازوں،مکہ مدینہ رہائش اور مکاتب تفصیلات جاری کی جائیں گی،وزارت مذہبی امور

اسلام آباد۔ 15 مارچ (اے پی پی):وزارتِ مذہبی امور سعودی مقررہ ٹائم فریم کے اندر رہتے ہوئے حج 2026 کی تیاریوں کو حتمی شکل دے رہی ہے۔ مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے تناظر میں حج پروازوں کے شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں لائی جا رہی، عید الفطر کے فوراً بعد حج شیڈول کا اعلان کیا جائے گا جس میں مکہ اور مدینہ میں رہائش، مکاتب اور دیگر مکمل تفصیلات …

اسلام آباد۔ 15 مارچ (اے پی پی):وزارتِ مذہبی امور سعودی مقررہ ٹائم فریم کے اندر رہتے ہوئے حج 2026 کی تیاریوں کو حتمی شکل دے رہی ہے۔ مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے تناظر میں حج پروازوں کے شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں لائی جا رہی، عید الفطر کے فوراً بعد حج شیڈول کا اعلان کیا جائے گا جس میں مکہ اور مدینہ میں رہائش، مکاتب اور دیگر مکمل تفصیلات شامل ہوں گی۔

ترجمان وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ کشیدہ صورتحال کے باعث حج پروازوں کے شیڈول کی معطلی سے متعلق بعض اخبارات میں شائع ہونے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ان اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں اور حج 2026 کے تمام انتظامات طے شدہ شیڈول کے مطابق جاری ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ اس وقت عازمین حج کے ویزوں کے اجرا اور دیگر ضروری انتظامات کا عمل پوری تندہی کے ساتھ جاری ہے۔

وزارتِ مذہبی امور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے متحرک ہے کہ عازمین کی روانگی سے متعلق تمام مراحل بروقت مکمل ہو سکیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ حج پروازوں کے شیڈول کا باضابطہ اعلان عید الفطر کے بعد کیا جائے گا۔ اس موقع پر عازمین کرام کو ان کی حج پروازوں، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں رہائش، مکاتب اور دیگر انتظامات سے متعلق مکمل تفصیلات فراہم کر دی جائیں گی تاکہ وہ اپنی روانگی کی تیاری اطمینان کے ساتھ کر سکیں۔

وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان نے عازمین حج سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ خبروں اور افواہوں پر توجہ نہ دیں اور حج سے متعلق معلومات کے لیے صرف وزارتِ مذہبی امور کے جاری کردہ سرکاری اعلانات اور مستند ذرائع پر ہی اعتماد کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے حج 2026 کے تمام انتظامات بروقت اور مؤثر انداز میں مکمل کیے جا رہے ہیں تاکہ عازمین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔

مزید خبریں