وفاقی دارالحکومت کی شاہ فیصل مسجد میں وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے زیرِ اہتمام 7 روزہ ’’عظیم الشان قومی محفلِ شبینہ‘‘ تلاوتِ کلامِ الٰہی کی نورانی صداؤں کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی ۔
تکمیلِ قرآن پر رقت آمیز مناظر، فیصل مسجد کی فضائیں تلاوتِ کلامِ پاک کی نورانی صداؤں سے معطر، محفلِ شبینہ کا اختتام

مزید خبریں
اسلام آباد۔17مارچ (اے پی پی):وفاقی دارالحکومت کی شاہ فیصل مسجد میں وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے زیرِ اہتمام 7 روزہ ’’عظیم الشان قومی محفلِ شبینہ‘‘ تلاوتِ کلامِ الٰہی کی نورانی صداؤں کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی ۔ تکمیلِ قرآن کے موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے۔ مسجد کے احاطہ میں موجود افراد نے اجتماعی دعا میں ملک و قوم کی سلامتی اور استحکام کے لیے اللہ کے حضور گڑگڑا کر دعائیں مانگیں ۔ 21 ویں رمضان المبارک کی شب سے شروع ہونے والی اس روحانی محفل میں ملک بھر سے آئے ہوئے مایہ ناز قراء کرام نے اپنی سحر انگیز آواز میں قرآنِ کریم کی تلاوت کر کے سامعین کے ایمان کو جلا بخشی۔اس سال محفلِ شبینہ میں چاروں صوبوں، اسلام آباد، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور مسلح افواج کی نمائندگی کرنے والے مایہ ناز حفاظِ کرام شریک ہوئے ۔
دعوہ اکیڈمی فیصل مسجد کے حفاظِ کرام نے مجموعی طور پر 8 مختلف نشستوں میں تلاوتِ کلامِ پاک کی سعادت حاصل کی ۔ اسلام آباد سے حافظ محمد ایوب، حافظ عبد الرافع ندیم، حافظ عثمان اور حافظ محمد ادریس نے تلاوت کا شرف پایا جبکہ پنجاب سے حافظ محمد خالد درانی، حافظ محمد ابو بکر، حافظ عبد الرحمن، حافظ مبشر احمد اور حافظ عمر خالد نے اپنی خوش الحانی سے سماں باندھ دیا ۔ خیبر پختونخوا سے حافظ ساجد کمال، حافظ محمد یحییٰ اعمار اور حافظ محمد نوید نے تلاوت کلام الٰہی کی ۔ سندھ سے حافظ محمد سفیان اور حافظ سید حسان احمد، بلوچستان سے حافظ اورنگزیب خان، حافظ محمد شیراز اور حافظ محمد نعمان جبکہ گلگت بلتستان سے حافظ عنایت اللہ اور آزاد جموں و کشمیر سے حافظ مغیب لیاقت نے اس نورانی محفل کو اپنی تلاوت سے رونق بخشی ۔
مسلح افواج کی جانب سے حافظ محمد علی طحہٰ اور حافظ اسد خان نے بھی پارہ وار تلاوت کر کے حاضرین کے دل موہ لیے ۔واضح رہے 7 روزہ محفل کا آغاز ایک پروقار افتتاحی تقریب سے ہوا تھا ،جس میں ڈی جی شعبہ تحقیق و مراجع حافظ محمد قدوس نے خطاب کرتے ہوئے قرآنِ کریم کی برکات اور اس محفل کی اہمیت پر روشنی ڈالی تھی۔ وزارتِ مذہبی امور کی جانب ڈپٹی سیکرٹری شعبہ دعوۃ و زیارات ناصر عزیز خان، سیکشن افسر محمد افضل شر دیکھ بھال کے لیے مسلسل موجود رہے۔ ضلعی انتظامیہ و سکیورٹی اداروں نے فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا، سی ڈی اے کا عملہ، پمز کی میڈیکل ٹیمیں بھی ہمہ وقت موجود رہیں سے سکیورٹی اور نظم و ضبط کے بہترین انتظامات کی بدولت ہزاروں زائرین نے یکسوئی سے تلاوت سماعت کی ۔ پاکستان ٹیلی ویژن اور ریڈیو پاکستان نے اس ایمان افروز محفل کو براہِ راست نشر کر کے گھر بیٹھے لاکھوں مسلمانوں کو اس کی برکات سے فیضیاب کیا۔








