ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کوئٹہ میں ایم پی اے ملک نعیم خان بازئی کے والد،رکن قومی اسمبلی ملک عادل خان بازئی کے دادا ملک سیف اللہ بازئی کے انتقال پر مرحوم کے اہلِ خانہ سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کے لئے ان کی رہائش گاہ گئے۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا کوئٹہ میں ایم پی اے ملک نعیم خان بازئی کے والد کے انتقال پر تعزیت کا اظہار
اسلام آباد۔17مارچ (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کوئٹہ میں ایم پی اے ملک نعیم خان بازئی کے والد،رکن قومی اسمبلی ملک عادل خان بازئی کے دادا ملک سیف اللہ بازئی کے انتقال پر مرحوم کے اہلِ خانہ سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کے لئے ان کی رہائش گاہ گئے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے سوگوار خاندان سے ملاقات کی اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ والدین زندگی کا انتہائی قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں جن کی محبت اور شفقت بے لوث اور لازوال ہوتی ہے، والدین میں سے کسی ایک بھی جدائی ناقابلِ تلافی ہوتی ہے مگر ہر انسان نے موت کا ذائقہ چکھنا ہوتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے مرحوم کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک نیک، باوقار اور باکردار شخصیت کے مالک تھے جن کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے مرحوم کے بلند درجات اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔ اس موقع پر سابق صوبائی وزیر امیر امان اللہ نوتیزئی، قبائلی عمائدین، بیوروکریٹس اور صوبائی ممبران اسمبلی بھی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے ہمراہ تھے۔ دریں اثنا ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کوئٹہ میں وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ کے چچا کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کے لیے ان کی رہائش گاہ پر گئے جہاں انہوں نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کسی قریبی عزیز کا بچھڑ جانا ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔
انہوں نے مرحوم کی مغفرت، درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ بعد ازاں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ ڈپٹی سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بلوچستان ایوب قریشی کے انتقال پر مرحوم کے اہل خانہ سے ان کی رہائش گاہ پر جا کر تعزیت کا اظہار کیا ۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور سوگوار خاندان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مرحوم ایک نہایت محنتی، دیانتدار اور فرض شناس افسر تھے جنہوں نے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں۔ ان کی خدمات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔









