حالیہ بارشوں کے بعد ملک بھر میں ڈینگی کے کیسز میں اضافے کا خدشہ ہے، این آئی ایچ

نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) نے حالیہ بارشوں کے بعد ملک بھر میں ڈینگی کے کیسز میں اضافے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے صوبائی حکومتوں کو فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے تاکہ ممکنہ وبا پر قابو پایا جا سکے۔

اسلام آباد۔18مارچ (اے پی پی):نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) نے حالیہ بارشوں کے بعد ملک بھر میں ڈینگی کے کیسز میں اضافے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے صوبائی حکومتوں کو فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے تاکہ ممکنہ وبا پر قابو پایا جا سکے۔این آئی ایچ کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق بارشوں اور نمی میں اضافے کے باعث مچھروں کی افزائش کے لیے سازگار ماحول پیدا ہو گیا ہے، خصوصاً شہری علاقوں میں جہاں پانی کھڑا رہتا ہے۔ ادارے نے نشاندہی کی کہ گزشتہ برسوں کے دوران ڈینگی کے کیسز میں مسلسل اضافہ دیکھا گیا ہے۔

صوبائی و ضلعی صحت حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ ڈینگی کی بروقت تشخیص کے نظام کو مؤثر بنایا جائے، مچھر مار مہم کو تیز کیا جائے اور ہسپتالوں میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری یقینی بنائی جائے۔اعلامیے کے مطابق عوام سے بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی گئی ہے، جن میں لمبی آستین والے کپڑے پہننا، مچھر بھگانے والی ادویات کا استعمال اور گھروں و گردونواح میں پانی جمع نہ ہونے دینا شامل ہے۔

مزید برآں، ہسپتالوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ڈینگی مریضوں کے لیے علیحدہ انتظامات کیے جائیں اور طبی عملے کو ہر ممکن صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رکھا جائے۔ماہرین کے مطابق احتیاطی تدابیر اور بروقت طبی نگہداشت ہی اس مرض سے بچاؤ کا مؤثر ذریعہ ہیں۔

 

مزید خبریں
نائب وزیراعظم
پاکستان کو سخاوت، رضاکارانہ خدمات اور معاشرتی خدمت کی اپنی دیرینہ روایات پر فخر ہے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا انسانی ہمدردی کے عالمی دن کے موقع پر پیغام اسلام آباد۔19اگست (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ عالمی یومِ انسانی ہمدردی کے موقع پر پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر ان تمام انسانی خدمت گاروں اور رضاکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے جو ضرورت کے وقت لوگوں کی مدد کے لیے خود کو وقف کردیتے ہیں۔ بدھ کو دفتر خارجہ کے مطابق انسانی ہمدردی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں ہمدردی، خدمت اور آفات و دیگر ہنگامی حالات سے متاثرہ افراد کے ساتھ کھڑے ہونے کی اہمیت کی یاد دلاتا ہے۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ یہ اس عزم کی تجدید کا موقع بھی ہے کہ ہم اجتماعی طور پر کمزور اور متاثرہ طبقات کی مدد اور انسانیت کی خدمت کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سخاوت، رضاکارانہ خدمات اور معاشرتی خدمت کی اپنی دیرینہ روایت پر فخر ہے، یہ اقدار ہمارے معاشرے میں گہری جڑیں رکھتی ہیں اور مشکلات کے وقت ہمیشہ ہمارے لوگوں کو متحد کرنے کا باعث بنی ہیں۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں آنے والی آفات کے حوالے سے ہمارے تجربے نے بارہا پاکستانی عوام کی استقامت، یکجہتی اور جذبۂ تعاون کو ثابت کیا ہے، شہریوں نے وفاقی اور صوبائی اداروں کے ساتھ مل کر متاثرہ آبادیوں کی مدد، امداد اور بحالی کی کوششوں میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر میں انسانی خدمت کے لیے سرگرم تمام افراد کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں اور ہمدردی، یکجہتی اور انسانیت کی خدمت کے اصولوں سے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتا ہوں