ایچ بی ایل پی ایس ایل کے گیارہویں ایڈیشن کا آغاز، لاہور قلندرز اور حیدرآباد کنگز مین کے درمیان میچ سے ہوگا،ترجمان پی سی بی

لاہور۔25مارچ (اے پی پی):ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن کا آغاز جمعرات، 26 مارچ کو لاہور قلندرز اور نئے شامل ہونے والے حیدرآباد کنگز مین کے درمیان میچ سے ہوگا، جو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ لاہور قلندرز کی قیادت شاہین شاہ آفریدی کریں گے جو اپنی ٹائٹل دفاع کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ پی سی بی ترجمان کے مطابق اس …

لاہور۔25مارچ (اے پی پی):ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن کا آغاز جمعرات، 26 مارچ کو لاہور قلندرز اور نئے شامل ہونے والے حیدرآباد کنگز مین کے درمیان میچ سے ہوگا، جو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ لاہور قلندرز کی قیادت شاہین شاہ آفریدی کریں گے جو اپنی ٹائٹل دفاع کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ پی سی بی ترجمان کے مطابق اس ایڈیشن میں ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ایک گروپ میں لاہور قلندرز، کراچی کنگز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی شامل ہیں جبکہ دوسرے گروپ میں حیدر آباد کنگز مین، ملتان سلطانز، اسلام آباد یونائیٹڈ اور راولپنڈی زی شامل ہیں۔

ہر ٹیم گروپ کے دیگر ٹیموں کے ساتھ دو میچ اور دوسرے گروپ کی ٹیموں کے ساتھ ایک میچ کھیلے گی۔ ٹورنامنٹ کے بعد کوالیفائر اور دو ایلیمنیٹرز کے ذریعے فائنلسٹ کا فیصلہ ہوگا۔اس ایڈیشن میں 44میچز کھیلے جائیں گے جن میں سے نصف لاہور اور نصف کراچی کے اسٹیڈیمز میں ہوں گے۔ نائٹ میچز شام 7بجے شروع ہوں گے جبکہ پہلے میچ کا آغاز دوپہر 2:30بجے ہوگا۔ پہلی بار لیگ میں فرنچائزز کے لیے علیحدہ انعامات رکھے گئے ہیں، جس میں فاتح فرنچائز کو 500,000امریکی ڈالرز، رنرز اپ کو 300,000ڈالرز اور بہترین پلیئر ڈویلپمنٹ کے لیے 200,000ڈالرز دئیے جائیں گے۔ کھلاڑیوں کے لیے ٹورنامنٹ وننگ انعام 500,000ڈالر زہوگا۔راولپنڈی زی اور حیدرآباد کنگز مین پہلی بار پی ایس ایل میں حصہ لے رہے ہیں۔

بابراعظم نے اب تک 100میچز کھیل کر رنز کے چارٹ میں سب سے آگے ہیں جبکہ فخر زمان، محمد رضوان، شعیب ملک اور رلی راسو بھی نمایاں ہیں۔ بولنگ میں حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، وہاب ریاض اور شاداب خان 100یا اس سے زیادہ وکٹیں لینے والے واحد بولرز ہیں۔لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ ٹیم نے اسلام آباد کے ہائی پرفارمنس سینٹر میں اچھی تیاری کی ہے اور وہ بہترین کھیل پیش کر کے ٹائٹل کا دفاع کرنا چاہتے ہیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے شاداب خان نے کہا کہ ان کے پاس تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں کا متوازن اسکواڈ ہے اور وہ جارحانہ اور سمجھدار کرکٹ کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔پشاور زلمی کے بابراعظم نے کہا کہ گزشتہ سیزن میں بولنگ میں تسلسل کی کمی تھی لیکن اس بار مضبوط لائن اپ ہے اور ٹیم بہتر نتائج دینے کی کوشش کرے گی۔ راولپنڈی زی کے محمد رضوان نے کہا کہ لیگ کی کامیابی اور فرنچائزز کی قدر بتاتی ہے کہ پی ایس ایل پاکستان کرکٹ کے لیے کس قدر اہم اور کامیاب ٹورنامنٹ بن چکی ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سعود شکیل نے کہا کہ تیاریوں کے بعد کھلاڑی پرجوش ہیں اور وہ شائقین کے لیے معیاری کرکٹ پیش کرنے کے لیے تیار ہیں۔ کراچی کنگز کے ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ اسکواڈ میں تجربہ کار کھلاڑی ہیں اور وہ گزشتہ سال کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور ٹورنامنٹ میں آگے بڑھنے کے لیے تیار ہیں۔حیدرآباد کنگز مین کے مارنس لیبسچگنے نے کہا کہ ہر کھلاڑی کو اپنی صلاحیتوں کے مطابق کھیلنے کی آزادی دی جائے گی اور یہ نیا چپٹر ان کے لیے ٹیلنٹ دکھانے کا موقع ہے۔ ملتان سلطانز کے اشٹن ٹرنر نے کہا کہ نئے مالک، سکواڈ اور کوچنگ سٹاف کے ساتھ یہ ایک نیا آغاز ہے اور پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل کر ٹیم کے طور پر ترقی کرنے کا موقع مل رہا ہے۔