حیدرآباد کنگز مین کے کپتان مارنس لبوشین نے پی ایس ایل11 کے افتتاحی میچ کے دوران گیند کا رنگ تبدیل ہونے کے انوکھے واقعے پر شدید حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے پورے کیریئر میں "ایسا منظر پہلے کبھی نہیں دیکھا”۔
پی ایس ایل 11،افتتاحی میچ میں سفید گیند ‘سرخ’ہونے پر مارنس لبوشین حیران
لاہور۔27مارچ (اے پی پی):حیدرآباد کنگز مین کے کپتان مارنس لبوشین نے پی ایس ایل11 کے افتتاحی میچ کے دوران گیند کا رنگ تبدیل ہونے کے انوکھے واقعے پر شدید حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے پورے کیریئر میں "ایسا منظر پہلے کبھی نہیں دیکھا”۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں لاہور قلندرز کے خلاف میچ کے دوران ایک عجیب و غریب صورتحال پیدا ہوئی جب کھیل کے درمیان سفید گیند بظاہر ‘سرخی مائل’ نظر آنے لگی۔ لبوشین کے مطابق گیند کا رنگ کھلاڑیوں کی کٹ (یونیفارم) سے رگڑ کھانے کے باعث تبدیل ہوا، جو ان کے لیے ایک بالکل نیا اور غیر متوقع تجربہ تھا۔میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے لبوشین نے بتایا کہ میں نے دوسرے اوور کے بعد ہی امپائرز کو آگاہ کر دیا تھا کہ گیند سرخ ہو رہی ہے، شاید یہ کپڑوں کے رنگ یا کسی ایسی ہی چیز کا اثر تھا۔
میں نے پہلے بلوں یا پیڈز سے رنگ لگتے تو دیکھا ہے، لیکن کپڑوں سے گیند کا رنگ بدلتے ہوئے کبھی نہیں دیکھا۔گیند کے اس پراسرار واقعے نے حیدرآباد کنگز مین کی مایوس کن شروعات کو مزید توجہ کا مرکز بنا دیا، جہاں انہیں اپنے پہلے ہی میچ میں 69 رنز کی بھاری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ٹیم کی مشکلات میں اس وقت مزید اضافہ ہوا جب لبوشین نے نوجوان اوپنر معاذ صداقت کی انجری کی تصدیق کی۔ انہوں نے بتایا کہ معاذ ‘سائیڈ اسٹرین’ (پٹھوں میں کھینچائو) کے باعث میچ سے باہر ہوئے، جس کی وجہ سے بیٹنگ لائن اپ میں آخری لمحات میں تبدیلی کرنی پڑی۔
لبوشین کا کہنا تھا کہ ابھی انجری کی نوعیت کا مکمل اندازہ نہیں، لیکن امید ہے کہ وہ جلد ٹیم میں واپس آئیں گے،”انوکھے ‘بال ایپیسوڈ’ کے باوجود مارنس لبوشین نے اسے بڑا مسئلہ بنانے کے بجائے امید ظاہر کی کہ اگلے میچ سے قبل اس تکنیکی معاملے کو حل کر لیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ مجھے یقین ہے کہ اگلے میچ سے پہلے آنے والے چند دنوں میں ہم اس معاملے کو سلجھا لیں گے۔واضح رہے کہ حیدرآباد کنگز مین پی ایس ایل کے گیارہویں سیزن میں شامل کی جانے والی دو نئی فرنچائزز میں سے ایک ہے، جو فی الحال ٹورنامنٹ میں اپنے بہترین کمبینیشن کی تلاش میں ہے۔









