کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی مختلف ممالک میں امدادی مہم جاری

کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی جانب سے مختلف ممالک میں امدادی مہم کے تحت ضرورت مند خاندانوں میں اشیائے خورونوش کی تقسیم کے علاوہ علاج معالجے کی سہولیات بھی فراہم کی جارہی ہے۔

ریاض ۔28مارچ (اے پی پی):کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی جانب سے مختلف ممالک میں امدادی مہم کے تحت ضرورت مند خاندانوں میں اشیائے خورونوش کی تقسیم کے علاوہ علاج معالجے کی سہولیات بھی فراہم کی جارہی ہے۔سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق شاہ سلمان امدادی مرکز کی ٹیموں نے یمن کی کمشنری شبوہ میں کھجور کے 500 کارٹن تقسیم کیے جن سے 3000 افراد مستفید ہوئے ۔امدادی مہم کے تحت سوڈان کی ریاست خرطوم کے علاقے کرری میں آٹے کی 2800 بوریاں تقسیم کی گئیں جن سے 23 ہزار سے زیادہ افراد مستفید ہوئے

طبی امدادی مہم کے پروگرام برائے مصنوعی اعضا اور بحالی کے مرکز نے گزشتہ ماہ کے دوران یمن کی کمشنری مارب میں مختلف نوعیت کی طبی خدمات مہیا کی جن سے 612 افراد نے استفادہ کیا ۔یمن کی کمشنری حجہ میں موبائل میڈیکل کیمپ سے 856 مریضوں نے رجوع کیا جن میں 121 ایمرجنسی کیسز تھے جبکہ 82 مریض انٹرنل میڈیسن کے شعبے میں آئے ۔آنے والے 4 مریضوں کو سرجری تجویز کی گئی، 402 مریضوں نے نرسنگ سروسز کی خدمات حاصل کیں۔ 851 افراد کو ادویات بھی دی گئیں۔