وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک سے پاکستان میں فرانس کے سفیر نکولس گیلے نے ملاقات کی جس میں بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال، توانائی کے تحفظ اور توانائی و معدنیات کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سے پاکستان میں فرانس کے سفیر کی ملاقات ، بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال، توانائی کے تحفظ اوردوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال

مزید خبریں
اسلام آباد۔31مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک سے پاکستان میں فرانس کے سفیر نکولس گیلے نے ملاقات کی جس میں بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال، توانائی کے تحفظ اور توانائی و معدنیات کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران فرانسیسی سفیر نے خطے میں پٹرولیم سپلائی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے پاکستان کی مؤثر حکمت عملی کو سراہا۔انہوں نے حکومت پاکستان کی جانب سے ایندھن کی بلا تعطل فراہمی اور علاقائی منڈیوں میں اتار چڑھاؤ کے باوجود استحکام برقرار رکھنے کو قابل تحسین قرار دیا۔ سفیر نے کہا کہ پاکستان نے جنوبی ایشیا کے کئی دیگر ممالک کے برعکس صورتحال کو کامیابی سے سنبھالا اور وفاقی وزیر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ایک گھنٹے کی بھی بے چینی نہیں دیکھی گئی۔
علی پرویز ملک نے فرانسیسی سفیر کے خیالات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے بروقت، فعال اور مربوط اقدامات نے ملک کو اس بحران سے کامیابی سے نمٹنے کے قابل بنایا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے قیمتوں کی بجائے سپلائی کے تسلسل کو ترجیح دینے کی حکمت عملی اپنائی جس کے تحت پٹرولیم مصنوعات کی دستیابی یقینی بنائی گئی اور سپلائی چین کی لیکویڈیٹی کو بھی محفوظ رکھا گیا۔ وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سپلائی چین کی بدلتی صورتحال کے پیش نظر بین الوزارتی سطح پر فوری فیصلوں کے لئے ایک مؤثر نظام قائم کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم اور اعلیٰ قیادت کی سفارتی کوششوں کے باعث اہم مواقع پر متبادل ذرائع سے پٹرولیم سپلائی کو یقینی بنایا گیا۔ علی پرویز ملک نے کہا کہ اگرچہ پاکستان نے سپلائی کے استحکام کا بوجھ برداشت کیا تاہم حکومت نے اس امر کو یقینی بنایا کہ اس بوجھ کی مناسب مالی معاونت ہو اور سرکلر ڈیٹ میں اضافہ نہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اب کمزور طبقات کے تحفظ کے لئے ٹارگٹڈ سبسڈی فراہم کرنے کے اقدامات پر کام کر رہی ہے۔
فرانسیسی سفیر نے پاکستان اور فرانس کے درمیان مضبوط دوطرفہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون میں حالیہ برسوں میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فرانسیسی کمپنیاں پاکستان کے معدنیات کے شعبے میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کا اظہار کر رہی ہیں اور امید ظاہر کی کہ نومبر میں منعقدہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں بھرپور شرکت کریں گی۔ ملاقات کے میں دونوں فریقین نے توانائی کے تحفظ، معدنی وسائل کی ترقی اور پائیدار اقتصادی نمو کے لئے دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور نئے مواقع تلاش کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔








