اسلام آباد میں تاجر عامر قتل، منصور خان گینگ کے تمام ملزمان فوری گرفتار کرلئے،طلال چوہدری

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، کاروباری شخصیت عامر کے قتل کے تمام ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جن کا تعلق خیبرپختونخوا سے ہے۔

اسلام آباد۔31مارچ (اے پی پی):وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، کاروباری شخصیت عامر کے قتل کے تمام ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جن کا تعلق خیبرپختونخوا سے ہے۔ منگل کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ اسلام آباد میں غیر ملکی سفارتکار اور دیگر اہم شخصیات قیام پذیر ہیں، شہر میں امن و امان کی صورتحال بہت بہتر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں پاکستان کا پہلا سمارٹ سٹی بنانے جارہے ہیں، یہاں کرائم کی شرح دیگر شہروں کی نسبت کم ہے، شہر میں چاروں صوبوں کے لوگ رہائش پذیر ہیں۔

طلال چوہدری نے بتایا کہ منصور خان گینگ کے ملزمان 24 گھنٹے کے اندر گرفتار کر لیے گئے اور اس گینگ میں افغان شہری بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منصور خان ڈکیت گینگ بلٹ پروف جیکٹ پہن کر جرائم کرتا تھا اور یہ بین الصوبائی گینگ اسلام آباد، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں وارداتوں میں ملوث ہے۔ وزیر مملکت داخلہ نے تاجر عامر کے قتل کو بہت بڑا سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پر جتنا افسوس کیا جائے کم ہے۔