زیورخ۔1اپریل (اے پی پی):سوئٹزرلینڈ میں ہونے والی روڈ ورلڈ چیمپئن شپ 2024 کے دوران جان بحق ہونے والی 18 سالہ میوریل فرر کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق کھلاڑی حادثے کے بعد 82 منٹ تک جائے وقوعہ پر ہی پڑی رہیں اور کسی کو ان کی موجودگی کا علم نہ ہو سکا۔بی بی سی کے مطابق زیورخ پبلک پراسیکیوٹر آفس کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حادثہ صبح 11 بجکر …
ورلڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ، میوریل فرر کی موت کی تحقیقاتی رپورٹ جاری
زیورخ۔1اپریل (اے پی پی):سوئٹزرلینڈ میں ہونے والی روڈ ورلڈ چیمپئن شپ 2024 کے دوران جان بحق ہونے والی 18 سالہ میوریل فرر کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق کھلاڑی حادثے کے بعد 82 منٹ تک جائے وقوعہ پر ہی پڑی رہیں اور کسی کو ان کی موجودگی کا علم نہ ہو سکا۔بی بی سی کے مطابق زیورخ پبلک پراسیکیوٹر آفس کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حادثہ صبح 11 بجکر 4 منٹ پر شدید بارش کے دوران پیش آیا جہاں میوریل فرر توازن برقرار نہ رکھ سکیں اور سڑک سے دور گھنے جنگل میں جا گریں۔جائے وقوعہ ریس مارشلز، آفیشلز اور تماشائیوں کی نظروں سے اوجھل ہونے کی وجہ سے زخمی کھلاڑی کو دوپہر 12 بجکر 26 منٹ پر تلاش کیا گیا جس کے بعد انہیں فوری طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ سر کی چوٹ کے باعث جانبر نہ ہو سکیں۔
تحقیقاتی رپورٹ میں منتظمین کو کسی بھی قسم کی مجرمانہ غفلت سے بری الذمہ قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کھلاڑی کے غائب ہونے کی خودکار اطلاع دینے کا کوئی نظام موجود نہیں تھا کیونکہ ورلڈ چیمپئن شپ میں جی پی ایس ٹریکنگ اور ریڈیو کے استعمال کی اجازت نہیں تھی۔اس المناک واقعے کے بعد عالمی سائیکلنگ ادارے یو سی آئی نے قوانین میں تبدیلی کرتے ہوئے 2025 کی چیمپئن شپ سے تمام کھلاڑیوں کے لئے جی پی ایس ٹریکرز کا استعمال لازمی قرار دے دیا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔انتظامیہ نے میوریل فرر کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے ان کا ریس نمبر 84 بھی خواتین کے جونیئر مقابلوں سے ہمیشہ کے لئے ریٹائر کر دیا ہے۔









