سعودی وزیر خارجہ کی اٹالین ہم منصب سے ملاقات،فلسطین کے دوریاستی حل کی حمایت پر زور

سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اٹلی کے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ انتونیو تاجانی کے درمیان روم میں ملاقات کی جس دوران غزہ جنگ بندی کو برقرار رکھنے، شہریوں تک بلا تعطل امداد کی فراہمی اور دو ریاستی حل کے نفاذ کے لیے عالمی کوششوں کی حمایت پر زور دیا گیا۔

روم ۔30جولائی (اے پی پی):سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اٹلی کے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ انتونیو تاجانی کے درمیان روم میں ملاقات کی جس دوران غزہ جنگ بندی کو برقرار رکھنے، شہریوں تک بلا تعطل امداد کی فراہمی اور دو ریاستی حل کے نفاذ کے لیے عالمی کوششوں کی حمایت پر زور دیا گیا۔

ایس پی اے کے مطابق دونوں رہنمائوں کی ملاقات کے بعد جاری مشترکہ اعلامیے میں عالمی اتحاد کے اجلاسوں کے نتائج کا خیر مقدم کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار داد نمبر 2803 اور غزہ تنازعے کے خاتمے کے لیے جامع منصوبے پر عمل درآمد کی حمایت کی گئی ۔اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ بین المذاہب ہم آہنگی اور مکالمہ دو ریاستی حل کی بنیاد پر منصفانہ اور پائیدار امن کے قیام میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ اعلامیے میں غزہ میں جنگ بندی برقرار رکھنے، غزہ پٹی کو غیر مسلح کرنے، انسانی امداد کی مستقل بنیاد پر فراہمی اور بحالی کے ابتدائی اقدامات شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ دونوں ممالک نے فلسطینی اتھارٹی کی اصلاحاتی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا، اس کے علاوہ مغربی کنارے میں آباد کاروں کے بڑھتے تشدد کی مذمت اور فلسطینی شہریوں کے تحفظ کو ناگزیر قرار دیا گیا۔دونوں ممالک نے مغربی کنارے کے کسی حصے کے جُزوی یا مکمل الحاق اور فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کی بھی مخالفت کی۔