لندن۔1اپریل (اے پی پی):عالمی منڈی میں خام تیل کے مستقبل کے سودوں میں تاریخی اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ جون میں ترسیل کیلئے برینٹ کی قیمت 1.2 فیصد اضافے سے 105.36 ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ بی بی سی کے مطابق مئی کے مہینے میں برینٹ خام تیل کی فراہمی کے لیے مستقبل سودوں میں مارچ میں ریکارڈ 64 فیصد اضافہ دیکھا گیا، یہ 1990 کی خلیجی جنگ کے بعد …
خام تیل کے مستقبل کے سودوں میں تاریخی اضافہ ریکارڈ، برینٹ کی قیمت 105.36 ڈالر تک پہنچ گئی
لندن۔1اپریل (اے پی پی):عالمی منڈی میں خام تیل کے مستقبل کے سودوں میں تاریخی اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ جون میں ترسیل کیلئے برینٹ کی قیمت 1.2 فیصد اضافے سے 105.36 ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ بی بی سی کے مطابق مئی کے مہینے میں برینٹ خام تیل کی فراہمی کے لیے مستقبل سودوں میں مارچ میں ریکارڈ 64 فیصد اضافہ دیکھا گیا، یہ 1990 کی خلیجی جنگ کے بعد ہونے والا سب سے زیادہ ماہانہ اضافہ ہے۔خام تیل کا عالمی بینچ مارک برینٹ کروڈ کا ایک ماہ کا فیوچر معاہدہ یا مستقبل کا سودا ہوتا ہے۔ عام طور پر جب اس کی قیمت میں اضافہ ہوتا ہے تو اس سے عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتیں بھی بڑھ جاتی ہیں۔بدھ کو جون میں ترسیل کیلئے برینٹ کی قیمت 1.2 فیصد اضافے سے 105.36 ڈالر تک پہنچ گئی۔
انٹر کیپٹل انرجی کے البرٹو بیلورین کا کہنا ہے کہ اس سے قبل برینٹ کی ماہانہ قیمت میں سب سے زیادہ اضافہ 1990 میں دیکھنے میں آیا تھا جب عراق کے کویت پر حملے کے نتیجے میں توانائی کی عالمی سپلائی میں خلل پڑا اور مشرق وسطیٰ میں ایک وسیع تر تنازعے کے خدشات نے جنم لیا۔البرٹو بیلورین کا کہنا ہے کہ یہ حالات ایران کے ساتھ جاری تنازع کی عکاسی کرتے ہیں، جس کی وجہ سے تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے کیونکہ مارکیٹس بڑھتے ہوئے جیو پولیٹیکل خطرات کو تشویش کی نگاہ سے دیکھ رہی ہیں۔سنگاپور مینجمنٹ یونیورسٹی کے گوہ جینگ رونگ نے کہا کہ اگر شپنگ کی روانی میں خلل پڑا اور تنازع کم نہ ہوا تو خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ جاری رہنے کا امکان ہے۔دریں اثنا، ایشیائی سٹاک مارکیٹس میں بدھ کی صبح اس وقت تیزی دیکھنے میں آئی جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا دو سے تین ہفتوں میں ایران سے نکل جائے گا۔









