مشرق وسطیٰ بحران میں پاکستان کا سفارتی کردار اور ذمہ دارانہ موقف قابل ستائش ہے، سعودی سفیرنواف سعید المالکی کا ویڈیو پیغام

مشرق وسطیٰ بحران میں پاکستان کا سفارتی کردار اور ذمہ دارانہ موقف قابل ستائش ہے، سعودی سفیرنواف سعید المالکی کا ویڈیو پیغام

اسلام آباد۔1اپریل (اے پی پی):پاکستان میں متعین سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر پاکستان کے مثبت اور دانشمندانہ سفارتی کردار کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب پاکستان کے ذمہ دارانہ موقف کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت کے اقدامات موجودہ بحران کو پرامن طریقے سے حل کرنے کی کوششوں کے عکاس ہیں۔ سعودی سفیر نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب سمیت خلیجی ملکوں پر حملے شدید تشویش کا باعث ہیں اور خود مختار ریاستوں کے خلاف بلاجواز جارحیت عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان حملوں میں نہ صرف قیمتی جانی نقصان ہوا بلکہ رہائشی علاقوں، شہری تنصیبات اور ہوائی اڈوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ حملوں کا سلسلہ آبنائے ہرمز تک پھیلانا انتہائی تشویشناک ہے کیونکہ اس خطے سے پوری دنیا کے معاشی مفادات اور توانائی کی سلامتی جڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خطے کا استحکام ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے جسے صرف دانشمندی، عالمی یکجہتی اور بین الاقوامی قوانین کے احترام سے ہی برقرار رکھا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انسانی اصولوں پر کاربند رہنا ہی امن و سلامتی کے تحفظ کا واحد اور بہترین راستہ ہے۔