پیرس میں ’’پاکستان فرانس ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ فورم‘‘ کا انعقاد، سینئر سرکاری عہدیداروں، کاروباری رہنمائوں، تجارتی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی

فرانس کے دارالحکومت پیرس میں جمعرات کے روز ’’پاکستان فرانس ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ فورم‘‘ کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان اور فرانس کے سینئر سرکاری عہدیداروں، کاروباری رہنمائوں، صنعت کے ماہرین اور تجارتی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

پیرس۔2اپریل (اے پی پی):فرانس کے دارالحکومت پیرس میں جمعرات کے روز ’’پاکستان فرانس ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ فورم‘‘ کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان اور فرانس کے سینئر سرکاری عہدیداروں، کاروباری رہنمائوں، صنعت کے ماہرین اور تجارتی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔فورم کا انعقاد 2024ء میں فرانس کے صدر ایمانویل میکرون اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان طے پانے والے مفاہمت پر عمل درآمد کے لیے کیا گیا تھا ۔ اس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور پائیدار اقتصادی شراکت داری کو فروغ دینا ہے ۔ فورم کا مقصد کاروبار کو جوڑنا، خیالات کا تبادلہ ، دو طرفہ تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنا اور پاکستان کی تجارت اور سرمایہ کاری کی صلاحیت کو عالمی سطح پر اجاگر بھی کرنا تھا۔ تقریب میں زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیکسٹائل، توانائی اور سیاحت سمیت متنوع شعبوں کی نمائندگی کرنے والی ستر سے زائد فرانسیسی اور پاکستانی کمپنیوں نے شرکت کی جو کہ تجارت اور سرمایہ کاری کے لیے ابھرتی ہوئی منزل کے طور پر پاکستان میں بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔فرانس میں پاکستان کی سفیر ممتاز زہرہ بلوچ نے بزنس فورم کا افتتاح کیا اور پاکستان کی معاشی ترقی اور ایک پرکشش تجارتی شراکت دار کے طور پر اس کی صلاحیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے سرمایہ کار دوستانہ اقدامات اور ادارہ جاتی سہولت کاری کے طریقہ کار کا خاکہ پیش کیا جس کا مقصد تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا تھا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے کاروباروں کو باہمی تعاون کے مواقع تلاش کرنے، مشترکہ منصوبوں کو فروغ دینے اور طویل مدتی، باہمی طور پر فائدہ مند شراکت داری قائم کرنے کی ترغیب دی۔فرانس کی طرف سے ممتاز مقررین جن میں ایم ای ڈی ای ایف انٹرنیشنل میں فرانس پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین تھیری فلیملن، نائب صدر پیٹریشیا گلیسل اور اردوان امیر اسلانی نے پاکستان اور فرانس کے اقتصادی تعلقات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے اہم مواقع پر زور دیا اور دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے نجی شعبے کے روابط کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے تقریب کے کامیاب انعقاد پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے فورم کو ایک بروقت اور سٹریٹجک اقدام قرار دیا جو پاکستان کے مستقبل کے حوالے سے تجارتی وژن اور فرانس کے ساتھ اقتصادی روابط کو گہرا کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے پیرس میں پاکستانی سفارتخانے اور اس میں شامل تمام سٹیک ہولڈرز کی کوششوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے پلیٹ فارم پاکستان کے عالمی تجارتی نقش کو بڑھانے اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ضروری ہیں۔\932