فتنہ الخوارج وفتنہ الہندوستان ملک دشمن،پاکستان اللہ تعالی کی نعمت ہے ،اس کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے،فیصل کریم کنڈی

فتنہ الخوارج وفتنہ الہندوستان ملک دشمن،پاکستان اللہ تعالی کی نعمت ہے ،اس کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے،فیصل کریم کنڈی

لاہور۔3اپریل (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے نماز جمعتہ المبارک بادشاہی مسجد لاہور میں چیئرمین مرکزی ریت ہلال کمیٹی پاکستان /خطیب و امام بادشاہی مسجد لاہور سفیر امن مولانا سید محمد عبدالخبیر آزادکی امامت میں ادا کی۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل اوقاف پنجاب حافظ انیس الرحمن،مفتی فتح محمد راشدی،سید محمد عبدالقدیر آزاد،سید محمد عبدالبصیرآزاد،حافظ سید محمد عبدالرزاق آزاد،حافظ سید محمد عبدالرازق آزاد اورمحمد شاہ حسین وارثی بھی موجود تھے۔

اس موقع پرگورنر خیبر پختونخوا نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج عالم اسلام کو اتحاد اور وحدت کی اشد ضرورت ہے،وطن عزیز پاکستان اللہ تعالی کی نعمت اورپاکستان کی حفاظت من حیث القوم ہم سب کی ذمہ داری ہے، فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان، پاکستان کے دشمن ہیں۔

انہوں نے کہاکہ معرکہ حق بنیان مرصوص میں اللہ تعالی کے فضل سے پاک مسلح افواج نے عظیم کامیابی حاصل کی تھی۔

چیئرمین مرکزی ریت ہلال کمیٹی پاکستان /خطیب و امام بادشاہی مسجد لاہور سفیر امن مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام الانبیاء حضرت محمد مصطفیؐ کی سیرت طیبہ ہمیں وحدت،اتحاد، اخوت، محبت،بھائی چارہ، احترام انسانیت اور خدمت انسانیت کا درس دیتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ قرآن مجید پوری انسانیت کے لیے رشد و ہدایت کا سرچشمہ ہے،امت مسلمہ کی تمام مسائل و مشکلات کا حل رجوع الی اللہ، اسلام اور قرآن پر عمل کرنے میں ہے،پوری امت مسلمہ اللہ تعالی کے حضور اپنے گناہوں کی معافی مانگے اور توبہ و استغفار کرے۔

مولانا سید محمد عبدالخبیرآزاد نے کہا کہ عالمی دہشت گرد اسرائیل انسانیت کا قاتل اورظالم اسرائیل کا فلسطینیوں کے لیے سزائے موت کا قانون بدترین دہشت گردی ہے، عالمی برادری اور مسلم دنیا اپنی آنکھیں کھولے، اسرائیل فرعون کے عبرت ناک انجام کو یاد رکھے، اسرائیل نے اپنے شیطانی مقاصد کے حصول کے لیے پورے مشرق وسطی کو خطرے میں ڈال دیا ہے، امریکہ اسرائیل اور بھارت کے جنگی جنون کے باعث عالمی ایٹمی جنگ کے خطرات بڑھ رہے ہیں۔ مولاناآزادنے کہا کہ مشرقی وسطی کشیدگی کے خاتمے میں امریکہ ایران جنگ روکنے کے لیے پاکستان،سعودی عرب، مصر اور ترکی کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں،امت مسلمہ کی وحدت اتحاد کے لیے سعودی عرب،ترکیہ،مصر،پاکستان کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

عبدالخبیرآزاد نے کہا کہ ملک دشمن طاقتیں فتنہ الخوارج و فتنہ الہندوستان پاکستان میں دہشت گردی فرقہ واریت بدامنی پیدا کر کے ہماری قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانا چاہتی ہیں، ہماری سکیورٹی فورسز کی موثر حکمت عملی اور آپریشن غضب للحق نے دہشت گرد عناصر کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے،پاکستان کی سلامتی تحفظ و دفاع کے لیے پوری قوم افواج پاکستان اور قومی سلامتی کے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،دشمن کا ناپاک ایجنڈا پاکستان میں نہیں چلنے دیں گے، اللہ تعالی ہمارے وطن عزیز پاکستان کو ہر اندرونی اور بیرونی خطرات سے محفوظ رکھے ۔نماز جمعہ کے بعد عالم اسلام کے اتحاد ،وحدت،پاکستان کی سلامتی،ترقی و خوشحالی، استحکام، حرمین شریفین کے تحفظ،غزہ وفلسطین،ایران اور مقبوضہ کشمیرکی آزادی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

مزید خبریں
اوٹاوا میں پرچم کشائی، قائداعظم کے وژن اور پاکستان کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا اوٹاوا۔15اگست (اے پی پی):کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں پاکستان کے ہائی کمیشن جبکہ مونٹریال، ٹورنٹو اور وینکوور میں قائم پاکستان کے تینوں قونصل جنرلز نے پاکستان کا 80واں یومِ آزادی اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات منائیں۔اوٹاوا میں ہائی کمیشن کی چانسری میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کی آزادی، قائداعظم محمد علی جناح کے وژن اور پاکستانی قوم کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔یومِ آزادی کی تقریبات کے ساتھ قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کا بھی آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر قائداعظم کی زندگی، قیادت اور قیامِ پاکستان کے لیے تاریخی جدوجہد کو اجاگر کرنے والی دستاویزی فلم پیش کی گئی جبکہ قائداعظم کی زندگی کے اہم لمحات اور پاکستان کی تاریخ کے نمایاں سنگِ میل پر مبنی ڈیجیٹل تصویری نمائش بھی منعقد کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر محمد سلیم نے پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی لازوال خدمات اور ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قائداعظم کے ایک پُرامن، جمہوری اور خوشحال پاکستان کے وژن کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان مستقبل میں بھی ریاستوں کے درمیان امن، مذاکرات، تعاون اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار کو بھی اجاگر کیا۔تقریب میں گریٹر اوٹاوا کے علاقے سے پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں اور پاکستان کے دوستوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاکستانی خاندانوں، بالخصوص نوجوانوں کی پُرجوش شرکت نے حب الوطنی کے جذبے کی بھرپور عکاسی کی۔شرکا نے ملک کے دفاع اور قومی امنگوں کی تکمیل کے لیے پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کی بہادری و قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔شرکا نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا 150واں یومِ پیدائش نوجوان نسل کو ان کے اصولوں، دوراندیشی اور پاکستان کے لیے ان کے وژن سے رہنمائی حاصل کرنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔