محروم طبقات کے حقوق کے لیے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی جدوجہد ناقابلِ فراموش ہے، چیئرمین سینیٹ

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹونے 1973 کامتفقہ آئین دے کر جمہوریت اور عوامی حقوق کو نئی سمت دی ، عوام کو طاقت کا سرچشمہ بنایا اور جمہوری اقدار کو فروغ دیا۔

اسلام آباد۔4اپریل (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹونے 1973 کامتفقہ آئین دے کر جمہوریت اور عوامی حقوق کو نئی سمت دی ، عوام کو طاقت کا سرچشمہ بنایا اور جمہوری اقدار کو فروغ دیا۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے سابق وزیرِ اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 47ویں برسی کے موقع پرسینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری خصوصی پیغام میں کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو عہد ساز اور عوام دوست رہنما تھے۔ انہوں نے جمہوری و دفاعی بنیادیں مضبوط کیں۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بھٹو شہید نے 1973 کامتفقہ آئین دے کر جمہوریت اور عوامی حقوق کو نئی سمت دی،بھٹو شہید نے عوام کو طاقت کا سرچشمہ بنایا اور جمہوری اقدار کو فروغ دیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو کی قیادت نے پاکستان کو خودانحصاری اور ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھنا بھٹو شہید کا تاریخی کارنامہ ہے جس سے قومی سلامتی مضبوط ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ بھٹو شہید کی خارجہ پالیسی نے پاکستان کو عالمی سطح پر باوقار مقام دلایا۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ کسانوں، مزدوروں اور محروم طبقات کے حقوق کے لیے ذوالفقار علی بھٹو شہید کی جدوجہد ناقابلِ فراموش ہے۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے جمہوریت اور خواتین کے حقوق کے لیے تاریخی کردار ادا کیا۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے جمہوری روایات کو مستحکم اور پارلیمانی نظام کو تقویت دی۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نوجوان قیادت کے طور پر جمہوری اقدار کے فروغ میں متحرک ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جمہوریت کے لیے قربانیاں ملکی تاریخ کا روشن باب ہیں،ذوالفقار علی بھٹو شہید کے نظریات پر عمل ہی مضبوط، خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے۔

مزید خبریں
اوٹاوا میں پرچم کشائی، قائداعظم کے وژن اور پاکستان کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا اوٹاوا۔15اگست (اے پی پی):کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں پاکستان کے ہائی کمیشن جبکہ مونٹریال، ٹورنٹو اور وینکوور میں قائم پاکستان کے تینوں قونصل جنرلز نے پاکستان کا 80واں یومِ آزادی اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات منائیں۔اوٹاوا میں ہائی کمیشن کی چانسری میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کی آزادی، قائداعظم محمد علی جناح کے وژن اور پاکستانی قوم کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔یومِ آزادی کی تقریبات کے ساتھ قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کا بھی آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر قائداعظم کی زندگی، قیادت اور قیامِ پاکستان کے لیے تاریخی جدوجہد کو اجاگر کرنے والی دستاویزی فلم پیش کی گئی جبکہ قائداعظم کی زندگی کے اہم لمحات اور پاکستان کی تاریخ کے نمایاں سنگِ میل پر مبنی ڈیجیٹل تصویری نمائش بھی منعقد کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر محمد سلیم نے پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی لازوال خدمات اور ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قائداعظم کے ایک پُرامن، جمہوری اور خوشحال پاکستان کے وژن کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان مستقبل میں بھی ریاستوں کے درمیان امن، مذاکرات، تعاون اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار کو بھی اجاگر کیا۔تقریب میں گریٹر اوٹاوا کے علاقے سے پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں اور پاکستان کے دوستوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاکستانی خاندانوں، بالخصوص نوجوانوں کی پُرجوش شرکت نے حب الوطنی کے جذبے کی بھرپور عکاسی کی۔شرکا نے ملک کے دفاع اور قومی امنگوں کی تکمیل کے لیے پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کی بہادری و قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔شرکا نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا 150واں یومِ پیدائش نوجوان نسل کو ان کے اصولوں، دوراندیشی اور پاکستان کے لیے ان کے وژن سے رہنمائی حاصل کرنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔