شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان میں جمہوریت، عوامی حقوق اور خودمختاری کی بنیاد رکھی، گورنر خیبرپختونخوا

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو ایک عظیم قومی رہنما تھے جنہوں نے پاکستان میں جمہوریت، عوامی حقوق اور خودمختاری کی بنیاد رکھی۔

پشاور۔ 04 اپریل (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو ایک عظیم قومی رہنما تھے جنہوں نے پاکستان میں جمہوریت، عوامی حقوق اور خودمختاری کی بنیاد رکھی۔ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو متفقہ آئین دیا اور عام آدمی کو سیاست میں آواز دی۔ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ان کی سیاسی بصیرت آج بھی ملک کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ شہیدذوالفقار علی بھٹو نے عوام کو بااختیار بنانے اور پاکستان کو ایک مضبوط، خوددار ریاست بنانے کےلیے جدوجہد کی، شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنے والد کے عظیم مشن کے لیےشہادت قبول کی ، صدرمملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اسی مشن کی تکمیل میں آج بھی سرگرم عمل ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں آج بھی شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نظریات پر کاربند ہے اور انہی کے وژن کے مطابق عوامی خدمت کا سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت شہید ذوالفقار علی بھٹو کے فلسفہ سیاست کو آگے بڑھاتے ہوئے ملک میں جمہوریت کے استحکام، آئین کی بالادستی اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور ان کے نظریات کی روشنی میں ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔

 

مزید خبریں
اوٹاوا میں پرچم کشائی، قائداعظم کے وژن اور پاکستان کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا اوٹاوا۔15اگست (اے پی پی):کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں پاکستان کے ہائی کمیشن جبکہ مونٹریال، ٹورنٹو اور وینکوور میں قائم پاکستان کے تینوں قونصل جنرلز نے پاکستان کا 80واں یومِ آزادی اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات منائیں۔اوٹاوا میں ہائی کمیشن کی چانسری میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کی آزادی، قائداعظم محمد علی جناح کے وژن اور پاکستانی قوم کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔یومِ آزادی کی تقریبات کے ساتھ قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کا بھی آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر قائداعظم کی زندگی، قیادت اور قیامِ پاکستان کے لیے تاریخی جدوجہد کو اجاگر کرنے والی دستاویزی فلم پیش کی گئی جبکہ قائداعظم کی زندگی کے اہم لمحات اور پاکستان کی تاریخ کے نمایاں سنگِ میل پر مبنی ڈیجیٹل تصویری نمائش بھی منعقد کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر محمد سلیم نے پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی لازوال خدمات اور ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قائداعظم کے ایک پُرامن، جمہوری اور خوشحال پاکستان کے وژن کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان مستقبل میں بھی ریاستوں کے درمیان امن، مذاکرات، تعاون اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار کو بھی اجاگر کیا۔تقریب میں گریٹر اوٹاوا کے علاقے سے پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں اور پاکستان کے دوستوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاکستانی خاندانوں، بالخصوص نوجوانوں کی پُرجوش شرکت نے حب الوطنی کے جذبے کی بھرپور عکاسی کی۔شرکا نے ملک کے دفاع اور قومی امنگوں کی تکمیل کے لیے پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کی بہادری و قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔شرکا نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا 150واں یومِ پیدائش نوجوان نسل کو ان کے اصولوں، دوراندیشی اور پاکستان کے لیے ان کے وژن سے رہنمائی حاصل کرنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔