آرگینک خوراک اور مصنوعات پر تحقیق کرنے والے ایک نجی ادارہ کے سربراہ نجم مزاری نے کہا ہے کہ حکومتی سطح پر بروقت پالیسی اقدامات ، مالی معاونت اور مضبوط ادارہ جاتی ڈھانچے سے آرگینک کا شعبہ بڑے پیمانے پر روزگار کی فراہمی ، معیشت کی مضبوطی اور برآمدات میں انقلاب لا سکتا ہے
آرگینک خوراک کا استعمال دو سال میں 1.8 سے بڑھ کر 4.2فیصد تک پہنچ گیا ، نجم مزاری

مزید خبریں
اسلام آباد۔4اپریل (اے پی پی):آرگینک خوراک اور مصنوعات پر تحقیق کرنے والے ایک نجی ادارہ کے سربراہ نجم مزاری نے کہا ہے کہ حکومتی سطح پر بروقت پالیسی اقدامات ، مالی معاونت اور مضبوط ادارہ جاتی ڈھانچے سے آرگینک کا شعبہ بڑے پیمانے پر روزگار کی فراہمی ، معیشت کی مضبوطی اور برآمدات میں انقلاب لا سکتا ہے ،حالیہ دو برس میں آرگینک خوراک کا استعمال 1.8 سے بڑھ کر 4.2فیصد تک پہنچ گیا ہے اور آئندہ سالوں میں بھی اس شرح میں تیزی سے اضافہ متوقع ہے ۔ ہفتہ کو جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں آرگینک زراعت کے فروغ کیلئے کم از کم 20ارب روپے کا بجٹ مختص کیا جائے ،سبسڈائزڈ آرگینک سرٹیفکیشن پروگرام شروع کیا جائے ،آرگینک فارمرز کی تربیت اور تحقیق کیلئے فنانسنگ فراہم کی جائے،آرگینک بیج، بائیو ان پٹس اور لیبارٹری ٹیسٹنگ سہولیات کیلئے بھی مالی اور تکنیکی معاونت فراہم کی جائے ۔
انہوں نے کہا کہ یہ سرمایہ کاری نہ صرف زرعی پیداوار میں بہتری لائے گی بلکہ برآمدات میں بھی اضافہ ممکن ہو سکے گا ۔نجم مزاری نے کہا کہ حکومت فوری طو رپر ایک اعلی سطحی آرگینک کونسل کا قیام عمل میں لائے جو وفاقی اور صوبائی سطح پر آرگینک زرعی معیار اور سرٹیفیکیشن کا معیار وضع کرے،آرگینک برآمدات کیلئے حکومتی ضوابط، مارکیٹنگ اور سپورٹ خدمات فراہم کرے،تکنیکی خدمات اور تحقیق و ترقی کیلئے مشترکہ فنڈ قائم کیا جائے ،آرگینک زراعت کی جانب راغب ہونے والے کسانوں کو ٹیکس مراعات دی جائیں،آرگینک فارم مشینری اور سہولیات پر خصوصی ٹیکس چھوٹ دی جائے،آرگینک برآمدات کیلئے ایکسپورٹرز کو ری ایمبرسمنٹ اسکیمزفراہم کی جائیں۔








