بھارت کی کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا،ایران اور امریکا جنگ بندی کے لئے کوشاں ہیں ،وزیر دفاع

بھارت کی کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا،ایران اور امریکا جنگ بندی کے لئے کوشاں ہیں ،وزیر دفاع

سیالکوٹ۔ 04 اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ قوم دعا کرے کہ ایران اور امریکا جنگ بندی اور امن کیلئے پاکستان اپنا کردار ادا کرتے ہوئے سرخرو ہو اور اس خطہ میں امن قائم ہو اور مسلم ممالک کے مابین اختلافات ختم ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کہاں تک پہنچے ہیں اس پر فی الحال تبصرہ کرنا مناسب نہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ میں فیصل موٹرز (نجی گاڑیوں کا شو روم) کے افتتاح کے موقع پر کیا۔اس موقع پر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ امت مسلمہ ایک نبی حضرت محمد ﷺ کے ماننے والی ہے اور ان کی سنت ﷺ پر عمل پیرا ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ امت کو تفرقہ بازی سے نجات دے۔

انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ میں اس وقت جتنے اتحاد کی ضرورت ہے، شاید اتنی گزشتہ 1400 سال میں نہیں تھی۔وفاقی وزیر دفاع نے بھارت کی جانب سے جارحیت کے حوالے سے کہا کہ ایک سال قبل بھارت نے فالس فلیگ دہشت گردی کی کارروائی کرکے اس کا ملبہ پاکستان پر ڈالنے کی کوشش کی اور پاکستان پر جنگ مسلط کی، جس کا پاکستان نے بھارت کے اندر جا کر جواب دیا اور ذلت و رسوائی بھارت کا مقدر بنی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی اپنی عوام اپنے حکمرانوں کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے،کیونکہ پاکستان نے اپنے سے ہر لحاظ سے بڑے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگر بھارت نے دوبارہ ایسی کوئی کوشش کی تو پاکستان بھرپور جواب دے گا اور ان کو مار مار کر کلکتہ چھوڑ کر آئے گا۔صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت پنجاب محمد منشاء اللہ بٹ، اراکین صوبائی اسمبلی چودھری فیصل اکرام اور رانا عارف ہرناہ سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب میں معزز مہمانوں نے فیصل موٹرز کے قیام کو نجی شعبے میں ایک مثبت اضافہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور شہریوں کو معیاری آٹو موبائل سہولیات میسر آئیں گی۔

 

مزید خبریں
اوٹاوا میں پرچم کشائی، قائداعظم کے وژن اور پاکستان کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا اوٹاوا۔15اگست (اے پی پی):کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں پاکستان کے ہائی کمیشن جبکہ مونٹریال، ٹورنٹو اور وینکوور میں قائم پاکستان کے تینوں قونصل جنرلز نے پاکستان کا 80واں یومِ آزادی اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات منائیں۔اوٹاوا میں ہائی کمیشن کی چانسری میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کی آزادی، قائداعظم محمد علی جناح کے وژن اور پاکستانی قوم کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔یومِ آزادی کی تقریبات کے ساتھ قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کا بھی آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر قائداعظم کی زندگی، قیادت اور قیامِ پاکستان کے لیے تاریخی جدوجہد کو اجاگر کرنے والی دستاویزی فلم پیش کی گئی جبکہ قائداعظم کی زندگی کے اہم لمحات اور پاکستان کی تاریخ کے نمایاں سنگِ میل پر مبنی ڈیجیٹل تصویری نمائش بھی منعقد کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر محمد سلیم نے پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی لازوال خدمات اور ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قائداعظم کے ایک پُرامن، جمہوری اور خوشحال پاکستان کے وژن کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان مستقبل میں بھی ریاستوں کے درمیان امن، مذاکرات، تعاون اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار کو بھی اجاگر کیا۔تقریب میں گریٹر اوٹاوا کے علاقے سے پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں اور پاکستان کے دوستوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاکستانی خاندانوں، بالخصوص نوجوانوں کی پُرجوش شرکت نے حب الوطنی کے جذبے کی بھرپور عکاسی کی۔شرکا نے ملک کے دفاع اور قومی امنگوں کی تکمیل کے لیے پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کی بہادری و قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔شرکا نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا 150واں یومِ پیدائش نوجوان نسل کو ان کے اصولوں، دوراندیشی اور پاکستان کے لیے ان کے وژن سے رہنمائی حاصل کرنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔