وفاقی آئینی عدالت میں وزیر آباد جائیداد تنازعہ کی سماعت، بہن ہونے سے انکار پر عدالت برہم، بیانِ حلفی طلب

اسلام آباد۔6اپریل (اے پی پی):وفاقی آئینی عدالت میں وزیر آباد کی جائیداد کی تقسیم سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیئے کہ مختلف فیصلوں میں چار بہنوں کا حصہ ایک ہی بہن کو دینے کی کیا توجیہہ ہے جبکہ ایک فریق کی جانب سے بہن ہونے سے ہی انکار پر عدالت نے وضاحت طلب کر لی۔پیر کووفاقی آئینی عدالت میں وزیر آباد …

اسلام آباد۔6اپریل (اے پی پی):وفاقی آئینی عدالت میں وزیر آباد کی جائیداد کی تقسیم سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیئے کہ مختلف فیصلوں میں چار بہنوں کا حصہ ایک ہی بہن کو دینے کی کیا توجیہہ ہے جبکہ ایک فریق کی جانب سے بہن ہونے سے ہی انکار پر عدالت نے وضاحت طلب کر لی۔پیر کووفاقی آئینی عدالت میں وزیر آباد کی جائیداد کی تقسیم سے متعلق اہم کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس امین الدین خان نے مختلف عدالتی فیصلوں پر سوال اٹھاتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ چار بہنوں کا حصہ ایک ہی بہن کو کیوں دے دیا گیا۔دورانِ سماعت درخواست گزار بہن کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ایک بہن نے جائیداد کی تقسیم کو چیلنج کیا تھا جس کے نتیجے میں متعلقہ فیصلہ سامنے آیا۔ دوسری جانب فریق بہن سردار بیگم کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کی موکلہ نے جب وراثت میں حصہ طلب کیا تو انہیں بہن تسلیم کرنے سے ہی انکار کر دیا گیا۔

اس پر چیف جسٹس امین الدین خان نے استفسار کیا کہ کیا سردار بیگم عبداللہ کی بیٹی نہیں ہیں؟ جس پر درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ سردار بیگم عبداللہ کی بیٹی نہیں ہیں۔ عدالت نے ہدایت کی کہ اگر ایسا ہے تو اس حوالے سے تحریری بیانِ حلفی عدالت میں جمع کرایا جائے۔عدالت کو بتایا گیا کہ والد کی وفات کے بعد 1989 میں جائیداد تین بہنوں اور دو بھائیوں کے درمیان تقسیم ہوئی تھی، تاہم 2018 میں فریق بہن نورین نے اس تقسیم کو عدالت میں چیلنج کیا۔ بعد ازاں کمشنر ریونیو نے زمین کی تقسیم کا فیصلہ نورین کے حق میں دیا۔مزید بتایا گیا کہ چوتھی بہن سردار بیگم نے لاہور ہائی کورٹ میں فریق بننے کی درخواست دی تھی، جس پر عدالت عالیہ نے انہیں بھی جائیداد میں حصہ دینے کا واضح حکم جاری کیا تھا۔بعد ازاں وفاقی آئینی عدالت نے کیس کی مزید سماعت 8 اپریل تک ملتوی کر دی۔

مزید خبریں
اوٹاوا میں پرچم کشائی، قائداعظم کے وژن اور پاکستان کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا اوٹاوا۔15اگست (اے پی پی):کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں پاکستان کے ہائی کمیشن جبکہ مونٹریال، ٹورنٹو اور وینکوور میں قائم پاکستان کے تینوں قونصل جنرلز نے پاکستان کا 80واں یومِ آزادی اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات منائیں۔اوٹاوا میں ہائی کمیشن کی چانسری میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کی آزادی، قائداعظم محمد علی جناح کے وژن اور پاکستانی قوم کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔یومِ آزادی کی تقریبات کے ساتھ قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کا بھی آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر قائداعظم کی زندگی، قیادت اور قیامِ پاکستان کے لیے تاریخی جدوجہد کو اجاگر کرنے والی دستاویزی فلم پیش کی گئی جبکہ قائداعظم کی زندگی کے اہم لمحات اور پاکستان کی تاریخ کے نمایاں سنگِ میل پر مبنی ڈیجیٹل تصویری نمائش بھی منعقد کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر محمد سلیم نے پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی لازوال خدمات اور ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قائداعظم کے ایک پُرامن، جمہوری اور خوشحال پاکستان کے وژن کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان مستقبل میں بھی ریاستوں کے درمیان امن، مذاکرات، تعاون اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار کو بھی اجاگر کیا۔تقریب میں گریٹر اوٹاوا کے علاقے سے پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں اور پاکستان کے دوستوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاکستانی خاندانوں، بالخصوص نوجوانوں کی پُرجوش شرکت نے حب الوطنی کے جذبے کی بھرپور عکاسی کی۔شرکا نے ملک کے دفاع اور قومی امنگوں کی تکمیل کے لیے پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کی بہادری و قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔شرکا نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا 150واں یومِ پیدائش نوجوان نسل کو ان کے اصولوں، دوراندیشی اور پاکستان کے لیے ان کے وژن سے رہنمائی حاصل کرنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔