ایگزیکٹو ڈائریکٹر پی آر سی سی ایس ایف کا یو اے ای سفارتخانہ کا دورہ، سفیر سے ملاقات

پاکستان ریسرچ سینٹر فار اے کمیونٹی ود شیئرڈ فیوچر (پی آر سی سی ایس ایف ) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر خالد تیمور اکرم نے اسلام آباد میں متحدہ عرب امارات کے سفارتخانہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے یو اے ای کے سفیر سالم محمد سالم البواب الزابی سے ملاقات کی۔

اسلام آباد۔6اپریل (اے پی پی):پاکستان ریسرچ سینٹر فار اے کمیونٹی ود شیئرڈ فیوچر (پی آر سی سی ایس ایف ) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر خالد تیمور اکرم نے اسلام آباد میں متحدہ عرب امارات کے سفارتخانہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے یو اے ای کے سفیر سالم محمد سالم البواب الزابی سے ملاقات کی۔ پیر کو جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق ملاقات کے دوران سفیر سالم محمد سالم البواب الزابی نے متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان ثقافتی، تعلیمی اور سفارتی تعاون کے فروغ کے لئے خالد تیمور اکرم کی گراں قدر خدمات اور مسلسل کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے تحقیق اور ادارہ جاتی روابط کے ذریعے عوامی سطح پر تعلقات کو مضبوط بنانے اور مکالمے کو فروغ دینے میں ان کے کردار کا اعتراف کیا۔

خالد تیمور اکرم نے بھی دونوں برادر ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے سفیر سالم محمد الزابی کے متحرک کردار اور تعلیم، تحقیق و ثقافتی تبادلوں سمیت مختلف شعبوں میں سفارتخانہ کے اقدامات کی تعریف کی۔گفتگو میں دونوں ممالک کے تھنک ٹینکس، تعلیمی اداروں اور پالیسی ریسرچ کے اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ اس طرح کے اشتراک سے باہمی افہام و تفہیم کو گہرا کرنے اور شراکت داری کے نئے مواقع تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔

فریقین نے تحقیق اور علم کے تبادلے کے شعبوں میں مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا جس کے تحت فکری تعاون اور ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنانے کے لئے مشترکہ سیمینارز، کانفرنسیں اور ڈائیلاگ پلیٹ فارمز منعقد کئے جائیں گے۔ ملاقات میں پاک یو اے ای تعلقات کو مزید آگے بڑھانے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں طویل المدتی تعاون کے عزم کا اظہار کیا گیا ۔

 

مزید خبریں
اوٹاوا میں پرچم کشائی، قائداعظم کے وژن اور پاکستان کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا اوٹاوا۔15اگست (اے پی پی):کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں پاکستان کے ہائی کمیشن جبکہ مونٹریال، ٹورنٹو اور وینکوور میں قائم پاکستان کے تینوں قونصل جنرلز نے پاکستان کا 80واں یومِ آزادی اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات منائیں۔اوٹاوا میں ہائی کمیشن کی چانسری میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کی آزادی، قائداعظم محمد علی جناح کے وژن اور پاکستانی قوم کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔یومِ آزادی کی تقریبات کے ساتھ قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کا بھی آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر قائداعظم کی زندگی، قیادت اور قیامِ پاکستان کے لیے تاریخی جدوجہد کو اجاگر کرنے والی دستاویزی فلم پیش کی گئی جبکہ قائداعظم کی زندگی کے اہم لمحات اور پاکستان کی تاریخ کے نمایاں سنگِ میل پر مبنی ڈیجیٹل تصویری نمائش بھی منعقد کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر محمد سلیم نے پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی لازوال خدمات اور ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قائداعظم کے ایک پُرامن، جمہوری اور خوشحال پاکستان کے وژن کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان مستقبل میں بھی ریاستوں کے درمیان امن، مذاکرات، تعاون اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار کو بھی اجاگر کیا۔تقریب میں گریٹر اوٹاوا کے علاقے سے پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں اور پاکستان کے دوستوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاکستانی خاندانوں، بالخصوص نوجوانوں کی پُرجوش شرکت نے حب الوطنی کے جذبے کی بھرپور عکاسی کی۔شرکا نے ملک کے دفاع اور قومی امنگوں کی تکمیل کے لیے پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کی بہادری و قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔شرکا نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا 150واں یومِ پیدائش نوجوان نسل کو ان کے اصولوں، دوراندیشی اور پاکستان کے لیے ان کے وژن سے رہنمائی حاصل کرنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔