وفاقی وزیراحسن اقبال کی زیر صدارت معاشی گورننس سے متعلق اجلاس ، اقتصادی نظام کو مؤثر اور سرمایہ کار دوست بنانے پر تفصیلی غور

وفاقی وزیراحسن اقبال کی زیر صدارت معاشی گورننس سے متعلق اجلاس ، اقتصادی نظام کو مؤثر اور سرمایہ کار دوست بنانے پر تفصیلی غور

اسلام آباد۔6اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی ،اصلاحات وخصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت معاشی گورننس سے متعلق پیر کو اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک کے اقتصادی نظام کو مؤثر اور سرمایہ کار دوست بنانے پر تفصیلی غور کیا گیا۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ معاشی گورننس کو سادہ، شفاف اور بزنس فرینڈلی بنانا حکومت کی اولین قومی ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیکس نظام کو اس انداز میں ڈھالا جا رہا ہے تاکہ بڑی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہو اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ایک ایسا جامع نظام تشکیل دے رہی ہے جس سے پاکستان کی برآمدی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ممکن ہو سکے۔

اس سلسلے میں برآمدات بڑھانے والی کمپنیوں کو ٹیکس میں خصوصی مراعات دینے کی سفارش بھی زیر غور ہے۔احسن اقبال نے زور دیتے ہوئے کہا کہ برآمدات کا فروغ ملک کے لئے ’’نیشنل ایمرجنسی‘‘ کی حیثیت رکھتا ہے اور بیرونی مالی انحصار سے نکلنے کے لئے ضروری ہے کہ ہر سال کم از کم 5 ارب ڈالر کا اضافہ برآمدات میں کیا جائے۔

انہوں نے پاکستان کی جغرافیائی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ملک خطے میں سرمایہ کاری کے لئے ایک بڑا مرکز بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ عالمی حالات کے تناظر میں اسلام آباد کو محفوظ سرمایہ کاری حب کے طور پر ابھارا جا سکتا ہے۔اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ سرمایہ کاروں کے لئے اسلام آباد کو اولین ترجیحی مقام بنانے کے لئے پالیسی اقدامات تیز کئے جائیں۔

 

مزید خبریں
اوٹاوا میں پرچم کشائی، قائداعظم کے وژن اور پاکستان کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا اوٹاوا۔15اگست (اے پی پی):کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں پاکستان کے ہائی کمیشن جبکہ مونٹریال، ٹورنٹو اور وینکوور میں قائم پاکستان کے تینوں قونصل جنرلز نے پاکستان کا 80واں یومِ آزادی اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات منائیں۔اوٹاوا میں ہائی کمیشن کی چانسری میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کی آزادی، قائداعظم محمد علی جناح کے وژن اور پاکستانی قوم کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔یومِ آزادی کی تقریبات کے ساتھ قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کا بھی آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر قائداعظم کی زندگی، قیادت اور قیامِ پاکستان کے لیے تاریخی جدوجہد کو اجاگر کرنے والی دستاویزی فلم پیش کی گئی جبکہ قائداعظم کی زندگی کے اہم لمحات اور پاکستان کی تاریخ کے نمایاں سنگِ میل پر مبنی ڈیجیٹل تصویری نمائش بھی منعقد کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر محمد سلیم نے پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی لازوال خدمات اور ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قائداعظم کے ایک پُرامن، جمہوری اور خوشحال پاکستان کے وژن کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان مستقبل میں بھی ریاستوں کے درمیان امن، مذاکرات، تعاون اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار کو بھی اجاگر کیا۔تقریب میں گریٹر اوٹاوا کے علاقے سے پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں اور پاکستان کے دوستوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاکستانی خاندانوں، بالخصوص نوجوانوں کی پُرجوش شرکت نے حب الوطنی کے جذبے کی بھرپور عکاسی کی۔شرکا نے ملک کے دفاع اور قومی امنگوں کی تکمیل کے لیے پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کی بہادری و قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔شرکا نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا 150واں یومِ پیدائش نوجوان نسل کو ان کے اصولوں، دوراندیشی اور پاکستان کے لیے ان کے وژن سے رہنمائی حاصل کرنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔