وفاقی پولیس میں الیکٹرک وہیکلز کے استعمال کا آغاز خوش آئند ، قیمتی زر مبادلہ کی بچت ہوگی، وزیراعظم شہباز شریف

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پولیس کی طرف سے الیکٹرک وہیکلز کے استعمال کے آغاز کو خوش آئند اور صوبوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کیلئے قابل تقلید قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے قیمتی زر مبادلہ کی بچت ہوگی۔

اسلام آباد۔6اپریل (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پولیس کی طرف سے الیکٹرک وہیکلز کے استعمال کے آغاز کو خوش آئند اور صوبوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کیلئے قابل تقلید قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے قیمتی زر مبادلہ کی بچت ہوگی۔ وہ پیر کو یہاں اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری ٹریفک پولیس کو ماحول دوست الیکٹرک وہیکلز کی فراہمی کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کے علاوہ اسلام آباد پولیس و ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ اسلام آباد پولیس کی طرف سے ٹریفک اور امن و امان کے قیام کیلئے الیکٹرک وہیکلز کے استعمال کا آغاز ہوا ہے، اس سے قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی جو آجکل کے حالات میں جبکہ پٹرول کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں بالخصوص انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ پورے ملک کے قانون نافذ کرنے والے ادارے اور صوبائی حکومتیں بھی اس کی تقلید کریں گے اور الیکٹرک وہیکلز کا آغاز کریں گے۔ قبل ازیں انہوں نے الیکٹرک وہیکلز کو معائنہ کیا۔

واضح رہے کہ حکومت کی دوراندیش پالیسی کی بدولت خلیج کا بحران شروع ہونے سے پہلے ہی فیول اکانومی اور برقی گاڑیوں کی پالیسی پر کام شروع ہو چکا تھا اور چند ماہ پہلے ہی ان گاڑیوں کی پروکیورمنٹ کا آغاز کردیا گیا تھا۔ آئی جی اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی نے وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا کہ ابتدائی طور پر اسلام آباد ٹریفک پولیس کو 15 ماحول دوست ایکو-سمارٹ الیکٹرک وہیکلز کی فراہمی وزیراعظم کے وژن اور حکومت کی توانائی بچت کی پالیسی کا حصہ ہے، ہر گاڑی کے لئے ایک کپتان، ایک مرد رسپانڈر ، ایک رسپانڈر اور ایک ڈرائیور کا سٹاف ہو گا جن کے لئے خصوصی وردیاں ہوں گی۔ یہ گاڑیاں شہر کی اہم شاہراہوں پر موجود رہیں گی تاکہ ٹریفک کا بہاؤ مزید بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ مکمل طور پر چارج ایک گاڑی 350 سے 400 کلو میٹرز کا فاصلہ طے کرسکتی ہے۔

تیز ترین چارجنگ 60 سے 90 منٹ جبکہ ریگولر چارجنگ کے لئے 6 سے 8 گھنٹے درکار ہوں گے۔ پٹرول پر چلنے والی گاڑیوں کے مقابلے میں ان گاڑیوں کے استعمال سے فی گاڑی 0.55 ملین روپے ماہانہ کی بچت ہو گی اور یہ برقی گاڑیاں 13 سے 14 مہینوں میں اپنی لاگت پوری کر لیں گی ۔ بریفنگ کے مطابق جلد ہی 15 مزید الیکٹرک وہیکلز اسلام آباد ٹریفک پولیس کی فلیٹ میں شامل ہو جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس کی فلیٹ میں ان برقی گاڑیوں کی شمولیت وفاقی حکومت کے اسلام آباد میں جدید ٹریفک مینجمنٹ پلان کا حصہ ہے۔

مزید خبریں
اوٹاوا میں پرچم کشائی، قائداعظم کے وژن اور پاکستان کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا اوٹاوا۔15اگست (اے پی پی):کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں پاکستان کے ہائی کمیشن جبکہ مونٹریال، ٹورنٹو اور وینکوور میں قائم پاکستان کے تینوں قونصل جنرلز نے پاکستان کا 80واں یومِ آزادی اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات منائیں۔اوٹاوا میں ہائی کمیشن کی چانسری میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کی آزادی، قائداعظم محمد علی جناح کے وژن اور پاکستانی قوم کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔یومِ آزادی کی تقریبات کے ساتھ قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کا بھی آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر قائداعظم کی زندگی، قیادت اور قیامِ پاکستان کے لیے تاریخی جدوجہد کو اجاگر کرنے والی دستاویزی فلم پیش کی گئی جبکہ قائداعظم کی زندگی کے اہم لمحات اور پاکستان کی تاریخ کے نمایاں سنگِ میل پر مبنی ڈیجیٹل تصویری نمائش بھی منعقد کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر محمد سلیم نے پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی لازوال خدمات اور ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قائداعظم کے ایک پُرامن، جمہوری اور خوشحال پاکستان کے وژن کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان مستقبل میں بھی ریاستوں کے درمیان امن، مذاکرات، تعاون اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار کو بھی اجاگر کیا۔تقریب میں گریٹر اوٹاوا کے علاقے سے پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں اور پاکستان کے دوستوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاکستانی خاندانوں، بالخصوص نوجوانوں کی پُرجوش شرکت نے حب الوطنی کے جذبے کی بھرپور عکاسی کی۔شرکا نے ملک کے دفاع اور قومی امنگوں کی تکمیل کے لیے پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کی بہادری و قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔شرکا نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا 150واں یومِ پیدائش نوجوان نسل کو ان کے اصولوں، دوراندیشی اور پاکستان کے لیے ان کے وژن سے رہنمائی حاصل کرنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔