این ای او سی نے ملک بھر کیلئے ممکنہ موسمی صورتحا ل کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا

اسلام آباد۔6اپریل (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے ملک بھر کے لیے ممکنہ موسمی صورتحا ل کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ، ملک کے مختلف حصوں میں تیز ہوائوں کے ساتھ شدید بارش اور ژالہ باری جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ہے۔پیرکو این ڈی ایم اے کے میڈیا …

اسلام آباد۔6اپریل (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے ملک بھر کے لیے ممکنہ موسمی صورتحا ل کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ، ملک کے مختلف حصوں میں تیز ہوائوں کے ساتھ شدید بارش اور ژالہ باری جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ہے۔پیرکو این ڈی ایم اے کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق موجودہ موسمی صورتحال این ای او سی کی جانب سے جنوری میں جاری کردہ متوقع موسمی جائزہ کے عین مطابق ہے،این ای او سی کی جانب سے ماہ اپریل تا جون کی ممکنہ موسمی صورتحال کا جائزہ بھی جاری کیا جا رہاہے ۔این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ مزیدبارش اور برفباری کا الرٹ جاری کر دیا۔اگلے 12سے24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں تیزہواؤں، آندھی جھکڑ کے ساتھ مزید بارش اور متعدد مقامات پر ژالہ باری متوقع ہے جبکہ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی متوقع ہے۔خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع بشمول چترال، دیر، سوات،کالام،منگورہ، بٹگرام، پشاور، مانسہرہ، ایبٹ آباد میں اگلے 12 سے24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش اور آندھی کا امکان ہے۔ ہری پور، صوابی، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، کوہاٹ، کرک، بنوں،لکی مروت، ٹانک، ڈی آئی خان اور وزیرستان میں بھی آندھی، جھکڑ کے ساتھ بارش متوقع ہے۔اسلام آباد سمیت پنجاب کے شہروں بشمول مری،راولپنڈی، اٹک، گوجر خان، جہلم، چکوا ل، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد،سیالکوٹ اورمنڈی بہاؤالدین میں اگلے 12سے24گھنٹوں میں آندھی جھکڑاور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

ناروال، سرگودھا،جھنگ، فیصل آباد،لاہور، ساہیوال، قصور، اوکاڑہ،بورے والا، ڈی جی خان، ملتان اور بہاولپورمیں بھی بارش متوقع ہے۔سندھ میں کراچی سمیت حیدرآباد، ٹھٹہ، بدین، سجاول، جامشورو، دادو، خیرپور، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، شکارپور، گھوٹکی،نوشہروفیروز، شہید بینظیر آباد، سانگھڑ، عمر کوٹ، تھرپارکر، میر پور خاص، ٹنڈو آلہ یاراور ٹنڈومحمد خان میں اگلے 12سے24گھنٹوں کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے علاقوں سکردو، ہنزہ، گلگت،گھانچے، استور، دیامر،خرمنگ، شگر، غزر، نگر، مظفرآباد، باغ،راولاکوٹ، حویلی،پونچھ،کوٹلی، میر پور، بھمبر اور وادی نیلم میں بھی بارش کا امکان ہے۔بلوچستان کے شہروں کوئٹہ، ژوب،لورالائی،ڈیرہ بگٹی، زیارت،قلات، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ،چمن، پشین، بارکھان، سبی، ڈیرہ بگٹی،نوشکی، خضدار، آواران،واشک،، پنجگور، تربت، گوادراور لسبیلہ میں اگلے 12سے24گھنٹوں کے دوران آندھی اور تیز ہواؤ ں سمیت بارش متوقع ہے۔ ملک بھر میں تیز ہوائیں، آسمانی بجلی اور ژالہ باری کمزور تعمیرات، درختوں، کھڑی فصلوں اور بجلی کی لائنوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں ،بارش کے باعث سڑکیں پھسلن کا شکار، ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ پہاڑی علاقوں میں برفباری سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان، مسافر احتیاط کریں ۔پہاڑی علاقو ں میں مسلسل بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات میں بھی اضافے کا خدشہ ہے۔ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں، گاڑی احتیاط سے چلائیں اور موسمی ہدایات پر عمل کریں ۔

تیز ہوا اور طوفان کے دوران درختوں،کمزور تعمیرات اورتنصیبات سے دور رہیں ،سیاح اور مسافر شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں ،عوام این ڈی ایم اے کی آفیشل ایپ’’پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ‘‘ سے بروقت معلومات حاصل کریں ۔این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو ممکنہ موسمی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔

 

مزید خبریں
اوٹاوا میں پرچم کشائی، قائداعظم کے وژن اور پاکستان کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا اوٹاوا۔15اگست (اے پی پی):کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں پاکستان کے ہائی کمیشن جبکہ مونٹریال، ٹورنٹو اور وینکوور میں قائم پاکستان کے تینوں قونصل جنرلز نے پاکستان کا 80واں یومِ آزادی اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات منائیں۔اوٹاوا میں ہائی کمیشن کی چانسری میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کی آزادی، قائداعظم محمد علی جناح کے وژن اور پاکستانی قوم کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔یومِ آزادی کی تقریبات کے ساتھ قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کا بھی آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر قائداعظم کی زندگی، قیادت اور قیامِ پاکستان کے لیے تاریخی جدوجہد کو اجاگر کرنے والی دستاویزی فلم پیش کی گئی جبکہ قائداعظم کی زندگی کے اہم لمحات اور پاکستان کی تاریخ کے نمایاں سنگِ میل پر مبنی ڈیجیٹل تصویری نمائش بھی منعقد کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر محمد سلیم نے پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی لازوال خدمات اور ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قائداعظم کے ایک پُرامن، جمہوری اور خوشحال پاکستان کے وژن کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان مستقبل میں بھی ریاستوں کے درمیان امن، مذاکرات، تعاون اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار کو بھی اجاگر کیا۔تقریب میں گریٹر اوٹاوا کے علاقے سے پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں اور پاکستان کے دوستوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاکستانی خاندانوں، بالخصوص نوجوانوں کی پُرجوش شرکت نے حب الوطنی کے جذبے کی بھرپور عکاسی کی۔شرکا نے ملک کے دفاع اور قومی امنگوں کی تکمیل کے لیے پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کی بہادری و قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔شرکا نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا 150واں یومِ پیدائش نوجوان نسل کو ان کے اصولوں، دوراندیشی اور پاکستان کے لیے ان کے وژن سے رہنمائی حاصل کرنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔