سینیٹر خلیل طاہر کی زیر صدارت ایوانِ بالا کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کے اجلاس کا انعقاد

اسلام آباد۔6اپریل (اے پی پی):ایوانِ بالا کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کا اجلاس سینیٹر خلیل طاہر کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا ،جس میں سینیٹر ڈاکٹر زرقہ سہروردی تیمور کی جانب سے 19 جنوری 2026 کو سینیٹ میں پیش کئے گئے الیکشن ایکٹ 2017 میں ترمیمی بل اور وزارتِ پارلیمانی امور کے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا …

اسلام آباد۔6اپریل (اے پی پی):ایوانِ بالا کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کا اجلاس سینیٹر خلیل طاہر کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا ،جس میں سینیٹر ڈاکٹر زرقہ سہروردی تیمور کی جانب سے 19 جنوری 2026 کو سینیٹ میں پیش کئے گئے الیکشن ایکٹ 2017 میں ترمیمی بل اور وزارتِ پارلیمانی امور کے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران سینیٹر ڈاکٹر زرقہ سہروردی تیمور نے خواتین کی سیاسی نمائندگی میں اضافے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن ایکٹ 2017 میں خواتین کیلئے جنرل نشستوں پر مقررہ پانچ فیصد کوٹہ کو بڑھایا جانا چاہئے کیونکہ خواتین ملک کی تقریباً نصف آبادی پر مشتمل ہیں۔ انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ غیر سیاسی پس منظر رکھنے والی خواتین کو بھی انتخابات میں حصہ لینے کے مساوی مواقع فراہم کئے جائیں۔ مزید برآں انہوں نے پولنگ سٹیشنز پر معذور افراد کیلئے سہولیات کی فراہمی خصوصاً ریمپس کی تعمیر کو لازمی قرار دینے کی تجویز دی۔سیکرٹری پارلیمانی امور نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ الیکشن ایکٹ میں وقتاً فوقتاً ترامیم کی جاتی رہی ہیں اور زیر غور تجاویز پر بھی متعلقہ اداروں بالخصوص الیکشن کمیشن اور وزارتِ قانون سے رائے لی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجاویز قابل غور ہیں تاہم ان کی عملی حیثیت کا جائزہ لینا بھی ضروری ہے۔الیکشن کمیشن کے حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انتخابات کے دوران جامع سروے کے ذریعے ایسے پولنگ سٹیشنز کا انتخاب کیا جاتا ہے جہاں بنیادی سہولیات جیسے بجلی، باؤنڈری وال، واش روم، پانی اور ریمپ دستیاب ہوں۔

حکام کے مطابق ان تجاویز کو قانون کا حصہ بنانے کے بجائے الیکشن کمیشن کی ہدایات میں شامل کرنا زیادہ مؤثر ہو سکتا ہے۔سینیٹر کامران مرتضیٰ نے زور دیا کہ موجودہ قوانین پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور ایسے قوانین سے گریز کیا جائے جن پر عملدرآمد ممکن نہ ہو۔ سینیٹر پرویز رشید نے بھی اس رائے کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ بیشتر تجاویز پر الیکشن کمیشن پہلے ہی کام کر رہا ہے لہٰذا انہیں قانون سازی کا حصہ بنانے سے قبل سیاسی جماعتوں کی عملی مشکلات کو مدنظر رکھا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتخابی قوانین نہایت حساس اور پیچیدہ نوعیت کے حامل ہوتے ہیں، اس لئے ایسی ترامیم کی جانی چاہئیں جو شفافیت اور عوامی اعتماد میں اضافہ کریں۔سینیٹر خالدہ عطیب نے کہا کہ ان کی جماعت میں بڑی تعداد متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کی ہے ۔انہوں نے اپنی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایک سکول ٹیچر سے سینیٹر بنی ہیں جو میرٹ اور قابلیت کی بنیاد پر ممکن ہوا۔کمیٹی نے تفصیلی غور و خوض کے بعد متفقہ طور پر الیکشن ایکٹ 2017 میں مجوزہ ترمیمی بل کو مسترد کر دیا۔اجلاس کے دوسرے ایجنڈے یعنی پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام سے متعلق منصوبوں پر بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری پارلیمانی امور نے بتایا کہ وزارتِ پارلیمانی امور کا اس پروگرام کے تحت کوئی منصوبہ زیر عمل نہیں ہے۔اجلاس میں سینیٹرز خلیل طاہر، خالدہ عطیب، پرویز رشید، کامران مرتضیٰ اور ڈاکٹر زرقہ سہروردی تیمور کے علاوہ سیکرٹری پارلیمانی امور اور الیکشن کمیشن کے حکام نے شرکت کی ۔

 

مزید خبریں
اوٹاوا میں پرچم کشائی، قائداعظم کے وژن اور پاکستان کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا اوٹاوا۔15اگست (اے پی پی):کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں پاکستان کے ہائی کمیشن جبکہ مونٹریال، ٹورنٹو اور وینکوور میں قائم پاکستان کے تینوں قونصل جنرلز نے پاکستان کا 80واں یومِ آزادی اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات منائیں۔اوٹاوا میں ہائی کمیشن کی چانسری میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کی آزادی، قائداعظم محمد علی جناح کے وژن اور پاکستانی قوم کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔یومِ آزادی کی تقریبات کے ساتھ قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کا بھی آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر قائداعظم کی زندگی، قیادت اور قیامِ پاکستان کے لیے تاریخی جدوجہد کو اجاگر کرنے والی دستاویزی فلم پیش کی گئی جبکہ قائداعظم کی زندگی کے اہم لمحات اور پاکستان کی تاریخ کے نمایاں سنگِ میل پر مبنی ڈیجیٹل تصویری نمائش بھی منعقد کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر محمد سلیم نے پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی لازوال خدمات اور ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قائداعظم کے ایک پُرامن، جمہوری اور خوشحال پاکستان کے وژن کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان مستقبل میں بھی ریاستوں کے درمیان امن، مذاکرات، تعاون اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار کو بھی اجاگر کیا۔تقریب میں گریٹر اوٹاوا کے علاقے سے پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں اور پاکستان کے دوستوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاکستانی خاندانوں، بالخصوص نوجوانوں کی پُرجوش شرکت نے حب الوطنی کے جذبے کی بھرپور عکاسی کی۔شرکا نے ملک کے دفاع اور قومی امنگوں کی تکمیل کے لیے پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کی بہادری و قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔شرکا نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا 150واں یومِ پیدائش نوجوان نسل کو ان کے اصولوں، دوراندیشی اور پاکستان کے لیے ان کے وژن سے رہنمائی حاصل کرنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔