وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے ایف ڈبلیو کے چیف ٹیکنیکل اور چیف آپریٹنگ آفیسر زکی ملاقات

وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو) کے چیف ٹیکنیکل آفیسر اور چیف آپریٹنگ آفیسر نے ملاقات کی جس میں پاکستان ریلوے میں ڈیجیٹلائزیشن کے عمل اور جاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اسلام آباد۔6اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو) کے چیف ٹیکنیکل آفیسر اور چیف آپریٹنگ آفیسر نے ملاقات کی جس میں پاکستان ریلوے میں ڈیجیٹلائزیشن کے عمل اور جاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں ریلوے ایڈوانس انفراسٹرکچر نیٹ ورک فیز ون کے تحت جاری بڑے ڈیجیٹل منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پاکستان ریلوے میں 700 ڈیوائسز پر مشتمل جدید لوکوموٹیو ٹریکنگ سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے ذریعے ٹرینوں کی نقل و حرکت کی مکمل مانیٹرنگ ممکن ہوگی۔ اسی طرح 6000 ڈیوائسز کے ساتھ رولنگ اسٹاک ٹریکنگ سسٹم اور 14000 آر ٹیگ ڈیوائسز کی تنصیب سے ریلوے کے اثاثہ جات کی نگرانی کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔

اجلاس میں ریلوے ہیڈکوارٹر اور تمام ڈویژنز میں جدید کنٹرول رومز کے قیام، مسافروں کے لیے مفت وائی فائی کی فراہمی، اسمارٹ سرویلنس سسٹم کے نفاذ (ابتدائی مرحلے میں کراچی، لاہور اور سکھر) اور ریئل ٹائم فیول مانیٹرنگ سسٹم جیسے اہم اقدامات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ان اقدامات سے نہ صرف شفافیت اور کارکردگی میں اضافہ ہوگا بلکہ مسافروں کو بھی بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔مزید برآں، وزیر ریلوے کوپی آئی ٹی بی کے اشتراک سے متعارف کرائے جانے والے جدید ڈیجیٹل نظاموں پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اس ضمن میں ایڈوانسڈ اٹینڈنس مینجمنٹ سسٹم آئندہ ہفتے تک 100 فیصد فعال کر دیا جائے گا، جس سے حاضری کے نظام میں شفافیت اور نظم و ضبط کو فروغ ملے گا۔اسی طرح پاکستان ریلوے میں ای-انسپیکشن رجیم کا آغاز کیا جا رہا ہے، جس کے تحت ریئل ٹائم انسپیکشن سسٹم جلد مکمل ہوگا۔

اس اقدام سے فیلڈ آپریشنز کی نگرانی مزید مؤثر اور فوری ہو جائے گی جبکہ انسپکشن اور اثاثہ جات کے انتظام کے نظام میں بنیادی تبدیلی آئے گی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ایف ڈبلیو او کے اشتراک سے تمام ڈیجیٹل منصوبے اسی مالی سال کے دوران مکمل کر لیے جائیں گے جس کے بعد پاکستان ریلوے کا نظام مکمل طور پر اپ گریڈ ہو جائے گا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق پاکستان ریلوے کو جدید، مؤثر اور عالمی معیار کے مطابق بنانے کے لیے جامع اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن کے ان منصوبوں سے نہ صرف ادارے کی کارکردگی بہتر ہوگی بلکہ شفافیت، احتساب اور عوامی سہولیات میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان ریلوے کو ایک جدید، محفوظ اور قابلِ اعتماد سفری نظام میں تبدیل کیا جائے گا، جو ملکی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

 

مزید خبریں
اوٹاوا میں پرچم کشائی، قائداعظم کے وژن اور پاکستان کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا اوٹاوا۔15اگست (اے پی پی):کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں پاکستان کے ہائی کمیشن جبکہ مونٹریال، ٹورنٹو اور وینکوور میں قائم پاکستان کے تینوں قونصل جنرلز نے پاکستان کا 80واں یومِ آزادی اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات منائیں۔اوٹاوا میں ہائی کمیشن کی چانسری میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کی آزادی، قائداعظم محمد علی جناح کے وژن اور پاکستانی قوم کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔یومِ آزادی کی تقریبات کے ساتھ قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کا بھی آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر قائداعظم کی زندگی، قیادت اور قیامِ پاکستان کے لیے تاریخی جدوجہد کو اجاگر کرنے والی دستاویزی فلم پیش کی گئی جبکہ قائداعظم کی زندگی کے اہم لمحات اور پاکستان کی تاریخ کے نمایاں سنگِ میل پر مبنی ڈیجیٹل تصویری نمائش بھی منعقد کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر محمد سلیم نے پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی لازوال خدمات اور ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قائداعظم کے ایک پُرامن، جمہوری اور خوشحال پاکستان کے وژن کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان مستقبل میں بھی ریاستوں کے درمیان امن، مذاکرات، تعاون اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار کو بھی اجاگر کیا۔تقریب میں گریٹر اوٹاوا کے علاقے سے پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں اور پاکستان کے دوستوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاکستانی خاندانوں، بالخصوص نوجوانوں کی پُرجوش شرکت نے حب الوطنی کے جذبے کی بھرپور عکاسی کی۔شرکا نے ملک کے دفاع اور قومی امنگوں کی تکمیل کے لیے پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کی بہادری و قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔شرکا نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا 150واں یومِ پیدائش نوجوان نسل کو ان کے اصولوں، دوراندیشی اور پاکستان کے لیے ان کے وژن سے رہنمائی حاصل کرنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔