پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے پاکستان سپورٹس انڈومنٹ فنڈ کے لئے ایک جامع سرمایہ کاری پالیسی کی منظوری دے دی ہے جو ملک بھر کے کھلاڑیوں کو مالی معاونت فراہم کرنے کی جانب ایک اہم پیشرفت ہے
پی ایس بی نے سپورٹس انڈومنٹ فنڈ کے لئے سرمایہ کاری پالیسی کی منظوری دیدی

مزید خبریں
اسلام آباد۔7اپریل (اے پی پی):پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے پاکستان سپورٹس انڈومنٹ فنڈ کے لئے ایک جامع سرمایہ کاری پالیسی کی منظوری دے دی ہے جو ملک بھر کے کھلاڑیوں کو مالی معاونت فراہم کرنے کی جانب ایک اہم پیشرفت ہے۔ یہ فیصلہ پی ایس بی کے 36ویں بورڈ اجلاس میں کیا گیا جہاں ڈائریکٹر جنرل پی ایس بی یاسر پیرزادہ نے پالیسی پیش کی جسے بورڈ کے اراکین نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔بورڈ کو بتایا گیا کہ فنڈ جس کی ابتدائی ری انویسٹمنٹ بنیاد 60 ملین روپے تھی، مالی حکمت عملی کے باعث بڑھ کر 68.757 ملین روپے تک پہنچ چکی ہے۔ ان سرمایہ کاریوں سے حاصل ہونے والا منافع سابقہ کھلاڑیوں (ویٹرن سپورٹس پرسنز) اور ان کے اہلخانہ کو مالی معاونت فراہم کرنے کے لئے استعمال کیا جائے گا۔
اس اقدام کے دائرہ کار اور اثرات کو مزید وسعت دینے کے لئے بورڈ کو آگاہ کیا گیا کہ وفاقی حکومت سے 5 ارب روپے کے سیڈ منی کی درخواست کی گئی ہے تاکہ انڈومنٹ فنڈ کے حجم اور رسائی کو نمایاں طور پر بڑھایا جا سکے۔اہم بات یہ ہے کہ بورڈ نے ہدایت کی کہ انڈومنٹ فنڈ کی اصل رقم ہر صورت برقرار رکھی جائے گی اور اسے کسی بھی صورت استعمال نہیں کیا جائے گا تاکہ اس منصوبے کی طویل مدتی کو یقینی بنایا جا سکے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ وفاقی کابینہ نے اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کے اعلان کے بعد پاکستان سپورٹس انڈومنٹ فنڈ سکیم 2025 کی منظوری دی تھی جس کے ذریعے 2007 کے سابقہ فریم ورک کو ایک مضبوط مالی معاونتی نظام سے تبدیل کیا گیا۔








