ٹائیگر ووڈز کی گرفتاری، پراسیکیوٹرز نے گالف سٹار کی ادویات کا ریکارڈ طلب کر لیا
ٹائیگر ووڈز کی گرفتاری، پراسیکیوٹرز نے گالف سٹار کی ادویات کا ریکارڈ طلب کر لیا
فلوریڈا ۔9اپریل (اے پی پی):امریکی ریاست فلوریڈا میں استغاثہ نے معروف گالف کھلاڑی ٹائیگر ووڈز کے نسخہ جاتی ادویات کے ریکارڈ حاصل کرنے کی کوششیں تیز کر دی ہیں، یہ اقدام ان کی گاڑی کے حادثے اور نشے کی حالت میں ڈرائیونگ کے شبہ میں گرفتاری کے ایک ہفتے بعد سامنے آیا ہے۔امریکی خبر رساں ادارے ای ایس پی این کے مطابق مارٹن کاؤنٹی کے پراسیکیوٹرز نے منگل کو اعلان کیا تھا کہ وہ پام بیچ میں واقع لیوس فارمیسی سے 15 بار میجر ٹائٹل جیتنے والے کھلاڑی ٹائیگر ووڈز کے تمام ادویاتی ریکارڈ کے حصول کے لئے قانونی نوٹس جاری کریں گے۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق استغاثہ ان نسخوں کی تفصیلات حاصل کرنا چاہتا ہے جن میں ادویات لینے کے اوقات، گولیوں کی تعداد، خوراک کی مقدار اور دی گئی ہدایات شامل ہیں، خصوصاً وہ تنبیہات جو ادویات کے استعمال کے دوران ڈرائیونگ سے متعلق ہوں۔لیوس فارمیسی اور ٹائیگرووڈز کے وکیل ڈگ ڈنکن کی جانب سے اس معاملے پر فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔گزشتہ ہفتے ٹائیگرووڈز نے فلوریڈا میں اپنے خلاف درج نشے کی حالت میں ڈرائیونگ کے مقدمے میں بے گناہی کی درخواست دائر کی تھی۔
اس سے چند گھنٹے قبل شیرف کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ حادثے کے بعد ان کی جیب سے درد کم کرنے والی 2 گولیاں برآمد ہوئیں اور وہ نشے کی علامات ظاہر کر رہے تھے، جب ان کی سپورٹس یوٹیلٹی وہیکل ایک ٹریلر سے ٹکرا کر الٹ گئی تھی۔ٹائیگرووڈز نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ وہ علاج کے لئے عارضی طور پر کھیل سے کنارہ کشی اختیار کر رہے ہیں۔یہ دوسرا موقع ہے جب وہ کسی گاڑی کے حادثے کے بعد وقفہ لے رہے ہیں۔
2009 میں بھی ان کی گاڑی اورلینڈو کے قریب ایک فائر ہائیڈرنٹ اور درخت سے ٹکرا گئی تھی، جس کے بعد انہوں نے4 ماہ تک کھیل سے دوری اختیار کی تھی اور بعد ازاں ماسٹرز ٹورنامنٹ میں واپسی کی تھی۔مزید برآں 2021 میں لاس اینجلس میں ہونے والے ایک حادثے میں ان کی دائیں ٹانگ بری طرح متاثر ہوئی تھی، جہاں ڈاکٹروں نے اسے کاٹنے پر بھی غور کیا تھا۔









