پاکستان میں ویمنز کرکٹ کی سرگرمیاں تیزی پکڑنے لگی ہیں اور اسی سلسلے میں زمبابوے ویمنز ٹیم پہلی بار پاکستان کا دورہ کرے گی۔
زمبابوے ویمنزکرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان
لاہور۔10اپریل (اے پی پی):پاکستان میں ویمنز کرکٹ کی سرگرمیاں تیزی پکڑنے لگی ہیں اور اسی سلسلے میں زمبابوے ویمنز ٹیم پہلی بار پاکستان کا دورہ کرے گی۔ شیڈول کے مطابق مہمان ٹیم 29 اپریل کو کراچی پہنچے گی، جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان 6 وائٹ بال میچز کھیلے جائیں گے،جو کہ نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں ہوں گے۔ سیریز میں 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز شامل ہیں، جبکہ 3 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز بھی کھیلے جائیں گے۔
ون ڈے سیریز کے میچز 3، 6 اور9 مئی کو ہوں گے ۔ اس کے بعد ٹی 20 سیریز 12، 14 اور15 مئی کو کھیلی جائے گی ۔ یہ ٹی 20 سیریز خاص اہمیت کی حامل ہے کیونکہ یہ آئندہ ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاری کا حصہ ہوگی، جو12 جون سے5 جولائی تک انگلینڈ اور ویلز میں کھیلا جائے گا۔ ورلڈ کپ سے قبل پاکستان ویمنز ٹیم آئرلینڈ میں ایک سہ ملکی سیریز میں بھی شرکت کرے گی، جہاں وہ اپنی تیاریوں کو مزید بہتر بنانے کی کوشش کرے گی۔









