این ای او سی نے اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے ممکنہ موسمی صورتحا ل کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا

این ای او سی نے اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے ممکنہ موسمی صورتحا ل کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا

اسلام آباد۔18اپریل (اے پی پی):این ڈی ایم اے کےنیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے ممکنہ موسمی صورتحا ل کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا،آئندہ12سے24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں تیزہواؤں، آندھی جھکڑ کے ساتھ مزید بارش اور متعدد مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔ہفتہ کواین ڈی ایم اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق موجودہ موسمی صورتحال این ای او سی کی جانب سے 3 سے 4 ماہ قبل جاری کردہ متوقع موسمی جائزہ کے عین مطابق ہے، این ای او سی کی جانب سے ماہ اپریل تا جون کی ممکنہ موسمی صورتحال کا جائزہ بھی جاری کیا جا چکا ہے،این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیزآپریشن سینٹر نے ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ مزیدبارش اور برفباری کا الرٹ جاری کر دیا،اگلے12سے24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں تیزہواؤں، آندھی جھکڑ کے ساتھ مزید بارش اور متعدد مقامات پر ژالہ باری متوقع ہے۔

آئندہ12سے24گھنٹوں کے دوران گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا بھی امکان ہے،خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع بشمول چترال، دیر، سوات،کالام،مالاکنڈ،کوہستان منگورہ، بٹگرام ہری پور، پشاوراور مانسہرہ، میں اگلے 12سے24گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش اور آندھی کا امکان ہے۔ایبٹ آباد،مردان، صوابی، چارسدہ، کوہاٹ، کرک، بنوں،لکی مروت، ٹانک، ڈی آئی خان اور وزیرستان میں بھی آندھی، جھکڑ کے ساتھ بارش متوقع ہے۔اسلام آباد سمیت پنجاب کے شہروں بشمول راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوا ل، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد،سیالکوٹ اورمنڈی بہاؤالدین میں اگلے 12سے24گھنٹوں میں آندھی جھکڑاور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے،گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے علاقوں اسکردو، ہنزہ، گلگت،گھانچے، استور، دیامر،خرمنگ، شگر، غذر، نگر، مظفرآباد، باغ،راولاکوٹ، حویلی،پونچھ،کوٹلی، اور وادی نیلم میں بھی بارش کا امکان ہے،

بلوچستان کے شہروں کوئٹہ، ژوب، زیارت، قلعہ سیف اللہ، پشین، بارکھان، کوہلو میں اگلے12سے24گھنٹوں کے دوران آندھی اور تیز ہواؤ ں سمیت بارش متوقع ہے۔ملک بھر میں تیز ہوائیں، آسمانی بجلی اور ژالہ باری کمزور تعمیرات، درختوں، کھڑی فصلوں اور بجلی کی لائنوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔ بارش کے باعث سڑکیں پھسلن کا شکار، ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے،پہاڑی علاقوں میں برفباری سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان، مسافر احتیاط کریں۔پہاڑی علاقو ں میں مسلسل بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات میں بھی اضافے کا امکان ہے،

شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں، گاڑی احتیاط سے چلائیں اور موسمی ہدایات پر عمل کریں۔ تیز ہوا اور طوفان کے دوران درختوں،کمزور تعمیرات اورتنصیبات سے دور رہیں۔سیاح اور مسافر شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں۔عوام این ڈی ایم اے کی آفیشل ایپ’پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ‘سے بروقت معلومات حاصل کریں۔ این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو ممکنہ موسمی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔