بلیو اوریجن کا تیسرانیو گلین راکٹ سیٹلائٹ کو مقررہ مدار میں پہنچانے میں ناکام

امریکاکی نجی خلائی کمپنی بلیو اوریجن نے کمپنی کا تیسرا نیو گلین راکٹ لانچ کر دیا ہے، تاہم وہ سیٹلائٹ کو درست مدار میں پہنچانے میں ناکام رہا۔

واشنگٹن۔20اپریل (اے پی پی):امریکاکی نجی خلائی کمپنی بلیو اوریجن نے کمپنی کا تیسرا نیو گلین راکٹ لانچ کر دیا ہے، تاہم وہ سیٹلائٹ کو درست مدار میں پہنچانے میں ناکام رہا۔اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق اس میں پہلے سے استعمال شدہ پہلے مرحلے (فرسٹ اسٹیج) کو دوبارہ استعمال کر کے کامیابی سے زمین پر واپس اتارا گیا، تاہم راکٹ کا دوسرا مرحلہ پے لوڈ کو مقررہ مدار میں پہنچانے میں ناکام رہا، جس کے باعث سیٹلائٹ قابلِ استعمال مدار میں داخل نہ ہو سکا۔

امریکی کمپنی اے ایس ٹی سپیس موبائل، جو ٹیکساس کے شہر مڈلینڈ میں قائم ہے اور بلیو برڈ 7 سیٹلائٹ کی تیاری کرتی ہے، نے ایک بیان میں کہا کہ سیلولر ریلے سٹیشن کا آن بورڈ پروپلشن سسٹم کم اونچائی کی وجہ سے درکار توازن برقرار نہیں رکھ سکا۔کمپنی نے کہاکہ نیو گلین 3 مشن کے دوران بلیو برڈ 7 کو لانچ وہیکل کے اپر سٹیج کے ذریعے مقررہ بلندی سے کم بلندی پر واقعہ مدار میں چھوڑ دیا گیا۔

اگرچہ سیٹلائٹ نے راکٹ سے علیحدگی کے بعد کام شروع کر دیا، لیکن اونچائی اتنی کم ہے کہ اس کے آن بورڈ تھرسٹر سسٹم کے ذریعے آپریشن جاری نہیں رکھا جا سکتا، اس لیے اسےاس مدار سے نکال دیا جائے گا۔