ملک ناز بلوچ نے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف بے خوفی سے لڑتے ہوئے مادرِ وطن پر اپنی جان نچھاور کی ، نوابزادہ جمال خان رئیسانی
ملک ناز بلوچ نے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف بے خوفی سے لڑتے ہوئے مادرِ وطن پر اپنی جان نچھاور کی ، نوابزادہ جمال خان رئیسانی

مزید خبریں
اسلام آباد/کوئٹہ۔20اپریل (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنما رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے خضدار سے تعلق رکھنے والی دلیر لیڈی کانسٹیبل ملک ناز بلوچ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک ناز بلوچ نے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف بے خوفی سے لڑتے ہوئے مادرِ وطن پر اپنی جان نچھاور کی اور شہادت کے بلند مرتبے پر فائز ہوئیں۔ایکسں پر اپنے پیغام میں نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے کہا کہ شوہر کی شہادت کے بعد ملک ناز بلوچ کو شہداء کوٹہ کے تحت لیویز فورس میں شامل کیا گیا۔
انہوں نے نہ صرف اپنے شوہر کے مشن کو آگے بڑھایا بلکہ جرأت، عزم اور فرض شناسی کی روشن مثال قائم کی، بالآخر وہ بھی اسی راہ پر چلتے ہوئے وطن پر قربان ہو گئیں،بلوچستان کو ایسی کہانیوں کو یاد رکھنا ہوگا،یہی ہماری پہچان ہیں اور یہی ہمارے لوگوں کی اصل عکاسی کرتی ہیں، وہ حقیقی معنوں میں خواتین کی خودمختاری اور قیادت کی ایک مضبوط مثال تھیں، ایک ایسی عورت جو نہ صرف کھڑی رہی بلکہ ڈٹ کر لڑی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہی وہ قربانیاں ہیں جنہیں سراہا اور یاد رکھا جانا چاہئے، نہ کہ ان لوگوں کو جو معصوم جانیں لیتے ہیں بلکہ ان کو جو اپنی جان دے کر دوسروں کی جان بچاتے ہیں،ایسی بہادر خاتون کو پوری قوم خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے اور ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے، اللہ تعالیٰ شہید ملک ناز بلوچ کے درجات بلند فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطاء فرمائے ۔








