لوک سہائتا 54ویں نیشنل ایتھلیٹکس چیمپئن شپ 2026 کا انعقاد 14 سے 17 مئی 2026ء تک این ای ڈی یونیورسٹی کراچی میں کیا جائے گا۔
لوک سہائتا نیشنل ایتھلیٹکس چیمپئن شپ 14 سے 17 مئی تک این ای ڈی یونیورسٹی کراچی میں منعقد ہوگی
اسلام آباد۔21اپریل (اے پی پی):لوک سہائتا 54ویں نیشنل ایتھلیٹکس چیمپئن شپ 2026 کا انعقاد 14 سے 17 مئی 2026ء تک این ای ڈی یونیورسٹی کراچی میں کیا جائے گا۔ یہ ایونٹ لوک سہائتا ٹرسٹ اور ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے باہمی اشتراک سے سندھ ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقد ہوگا۔ قومی میڈیا کو اس ایونٹ کے حوالے سے منگل کو ایک پریس کانفرنس کے ذریعے آگاہ کیا گیا۔ صدر ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان نے اس نیشنل چیمپئن شپ کو پاکستان میں ایتھلیٹکس کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایونٹ ٹیلنٹ، پیشہ ورانہ مہارت اور قومی جذبے کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کرے گا جو لوک سہائتا ٹرسٹ کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔پریس کانفرنس کے دوران صدر اے ایف پی نے چیمپئن شپ کی نمایاں خصوصیات پیش کیں۔ اس ایونٹ میں پاکستان کے تمام صوبوں کی ٹیمیں شرکت کریں گی جن میں سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستان آرمی، پاک فضائیہ، پاک بحریہ، واپڈا، پولیس، ریلوے اور ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی ایلیٹ ٹیمیں بھی اعلیٰ اعزازات کے لیے مقابلہ کریں گی۔ مقابلوں کی نگرانی کے لیے مستند ٹیکنیکل آفیشلز تعینات کیے جائیں گے۔ 500سےزائد ایتھلیٹس اور 300 آفیشلز کی متوقع شرکت کے ساتھ یہ چیمپئن شپ چار دن تک جاری رہنے والے شاندار اور سنسنی خیز مقابلوں پر مشتمل ہوگی۔ ایتھلیٹس مردوں اور خواتین کے ٹریک اینڈ فیلڈ مقابلوں میں حصہ لیں گے جن میں سپرنٹس، درمیانی اور طویل فاصلے کی دوڑیں، رکاوٹوں والی دوڑیں اور ریلے ریسز شامل ہیں۔ فیلڈ ایونٹس میں جیولن تھرو، ڈسکس تھرو، ہیمر تھرو، شاٹ پٹ جبکہ جمپنگ ایونٹس میں لانگ جمپ، ٹرپل جمپ، ہائی جمپ اور پول والٹ شامل ہوں گے۔ مزید برآں 4×100 اور 4×400 میٹر کی مکسڈ ریلے ریسز بھی اس ایونٹ کا حصہ ہوں گی جو ایتھلیٹکس کے جذبے کو مزید تقویت دیں گی۔ لوک سہائتا ٹرسٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور پاکستان پولیس کے اعلیٰ اعزاز یافتہ افسر پیر محمد شاہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایونٹ کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بہترین انداز میں منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ مقابلوں کے انتظام، کھلاڑیوں کی حفاظت، شفاف کھیل اور بہترین لاجسٹکس کے لیے جامع انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ انہوں نے حکومت سندھ، ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان اور تمام سپانسرز و شراکت داروں کا شکریہ بھی ادا کیا جن کی معاونت اس چیمپئن شپ کے انعقاد میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے خصوصی اعزازات بھی دیئے جائیں گے جن میں بہترین مرد ایتھلیٹ اور بہترین خاتون ایتھلیٹ کے ایوارڈز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں کو نقد انعامات، میڈلز اور سرٹیفکیٹس بھی دیئے جائیں گے۔سٹیڈیم میں داخلہ مفت ہوگا اور تمام کھیلوں کے شائقین کو دعوت دی جاتی ہے کہ وہ اس ایونٹ میں شرکت کریں اور قومی ایتھلیٹس کی شاندار کارکردگی سے لطف اندوز ہوں۔









